نئی دہلی:قومی دارالحکومت دہلی کے منگول پوری علاقے میں کل رات ایک جوتا فیکٹری میں شدید آگ لگنے سے لاکھوں کا سازوسامان جل کر تباہ ہوگیا۔حالانکہ اس میں کسی کے مارے جانے کی کوئی خبر نہیں ہے ۔آگ اتنی زبردست تھی کہ اسے بجھانے کے لئے 17فائر بریگیڈ گاڑیوں کو گھنٹوں محنت کرنی پڑی ۔آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن فائر بریگیڈ دستہ ابھی بھی موقع پر موجود ہے ۔فائر بریگیڈ افسرایم ایس تلی نے بتایا کہ آگ کی اطلاع ان کے دفتر میں آدھی رات کو تقریباً ڈھائی بجے دی گئی۔اطلاع ملتے ہی نزدیکی فائر بریگیڈ اسٹیشن سے فائر بریگیڈ گاڑیاں فوراً موقع پر پہنچنے کے لئے روانہ کردی گئیں۔مسٹر تلی کے مطابق فیکٹری میں جوتا بنانے کا بہت سارا سامان وہاں سیڑھیوں میں جماکر کے رکھا ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے کے کام میں کافی دقت پیش آئی۔آگ لگنے کی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔پولیس تفتیش کررہی ہے ۔