کانپور (نامہ نگار)بی جے پی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی ۱۸؍اپریل کو کانپور پارلیمانی نشست کے امیدوار مرلی منوہر جوشی کی حمایت میں انتخابی جلسہ کو خطاب کرنے کے لئے نہیں آرہے ہیں۔جبکہ وہ اکبر پور پارلیمانی نشست پر بی جے پی امیدوار دیوندر سنگھ کی حمایت میں منعقدہ جلسہ کو خطاب کریں گے۔
جوشی کی حمایت میں انتخابی جلسہ کو فلم اداکار وبی جے پی لیڈر شتروگھن سنہا۱۸؍اپریل کو خطاب کریں گے۔ اس سے قبل بی جے پی دفتر سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ۱۸؍اپریل کو مودی
کانپور میں مرلی منوہر جوشی کی حمایت میں انتخابی جلسہ کو خطاب کرنے کے لئے آرہے ہیں۔
بی جے پی کے ضلع صدر سریندر میتھانی نے صحافیوں کو بتایا کہ ابھی تک پارٹی دفتر سے یہی پروگرام موصول ہوا تھا کہ مودی کا انتخابی جلسہ کانپور میں منعقد کیا جائے گا لیکن دیررات پارٹی کے صدر دفتر دہلی سے جو پروگرام موصول ہوا ہے اس کے مطابق نریندر مودی ۱۸؍اپریل کو کانپور دیہات کی اکبر پور نشست پر پارٹی کے امیدوار دیوندر سنگھ کی حمایت میں انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔
مرلی منوہر جوشی کی انتخابی ریلی کے لئے ۱۸؍اپریل کو فلمی اداکار اور بی جے پی لیڈر شتروگھن سنہا کانپور آرہے ہیں ان کے دو عوامی جلسہ منعقد کئے جائیں گے۔ میتھانی نے کہا کہ ابھی تک شتروگھن سنہا کی ریلی کے لئے جگہ کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے لیکن ریلی شہر کے وسط میں کرائی جانے کی امید ہے۔ مسٹر میتھانی نے بتایا کہ مودی کی اکبر پور ریلی کے لئے نوبستہ کے ریس کورس میدان کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ دونوں پارلیمانی نشستوں کی سرحد پر واقع ریس کورس میدان اکبر پور علاقہ کے تحت آتاہے۔ ریلی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے افسران کی ٹیم اکبر پور آرہی ہے۔ذرائع کے مطابق اکبر پور ریلی کے لئے مودی کا وقت دینا اور جوشی کی کانپور نشست کے لئے وقت نہ دینا کہیں نہ کہیں جوشی کے اس بیان سے تعلق رکھتا ہے جس میں انہوں نے صاف طور پر کہا تھا کہ ملک میں مودی کی لہر نہیں بلکہ بی جے پی لہر چل رہی ہے۔ اس سلسلہ میں بی جے پی ضلع صدر میتھانی نے کہا کہ پہلے انہیں کانپور ریلی کا علم تھا لیکن جب تفصیلی پروگرام موصول ہوا تو معلوم ہوا کہ مودی اکبر پورنشست کے لئے اور شتروگھن سنہا کانپور میں جوشی کی حمایت میں ریلی کو خطاب کرنے کے لئے آرہے ہیں۔