لندن۔انگلینڈ کے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ کو نومبر کے بعد پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی دورے کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ٹروٹ اعصابی تناو¿ جیسی کسی بیماری کی وجہ سے ایشز سیریز چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ وارکشائر کی طرف سے کھیلنے والے ٹروٹ کا نام جنوبی افریقہ کے لیے جانے والے چودہ رکنی اسکواڈ میں شامل ہے۔33 سالہ کرکٹر سیزن کے آغاز میں کرکٹ میں دوبارہ واپس آئے تھے اور موسمِ گرما کے ختم ہونے تک انھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 628 رنز بنائے تھے۔انھوں نے بی بی سی اسپورٹس کو بتایا کہ ’کسی بھی دوسرے کی طرح جو کاو¿نٹی کرکٹ کھیلتا ہے میری بھی خواہشیں ہیں۔مجھے اس سے پہلے 2007 اور 2008 کے لائنز کے دوروں پر جانا اور ان میں اپنے آپ کو ثابت کرنا یاد ہے۔ یہ ایسی چیز ہے جو میں دوبارہ کرنا چاہتا ہوں۔‘واروکشائر کی طرف سے سیزن شروع کرنے کے بعد انھوں نے کاو¿نٹی کرکٹ سے اپریل میں ایک اور بریک لی تھی۔ لیکن مئی میں وہ ٹیم میں واپس آ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں ماہرِ نفسیات ڈاکٹر سٹیو پیٹر کی خدمات سے بہت فرق پڑا ہے۔انھوں نے کہا کہ انھیں اس صورت حال میں ایک وقتی بے چینی لاحق تھی جو کہ روز مرہ کی زندگی میں ایک عام سی بات ہے لیکن ’جب اسے عالمی میڈیا اور پریس کے سامنے ظاہر کیا جائے تو یہ ایک بہت بڑی بات بن جاتی ہے۔اسٹیو کے ساتھ کام کرنا ایک چشم کشا بات تھی۔ میری لیے وہ ایک بڑی تبدیلی ہے، ایک زبردستی آگہی کہ میں پہلے کہاں تھا اور مجھے کہاں پہنچنا ہے ۔ ‘’کرکٹ آپ کے ساتھ بیک وقت ظالم اور مہربان ہوتی ہے۔ یہ وہ کھیل ہے جسے آپ یقیناً پیار کرتے ہیں لیکن کبھی کبھار آپ سوال پوچھتے ہیں کہ آپ یہ کیوں کر رہے ہیں۔ میں اب ان حالات سے گزر رہا ہوں کہ میں نے دوبارہ اس کا لطف اٹھانا شروع کر دیا ہے۔‘قومی ٹیم کے سیلیکٹر جیمز وہٹیکر کہتے ہیں کہ ٹروٹ کو ان کی غیر معمولی فارم اور وارکشائر کیلئے رنز بنانے کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔