نیویارک: عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اسپین کے روبرٹو بوٹسٹا کو شکست دے کر یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ساتھ لگاتار 26ویں گرینڈ سلیم کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
2011 کے یو ایس اوپن چیمپیئن نے 6-3 کی فتح کے ساتھ پہلا سیٹ اپنے نام کیا لیکن دوسرے سیٹ میں ہسپانوی حریف نے انہیں اپ سیٹ کرتے ہوئے 4-6 سے فتح اپنے نام کی۔
تاہم اس کے بعد جوکووچ نے بوٹسٹا کو کوئی موقع نہ دیا اور اگلے دونوں سیٹ 6-4 اور 6-3 سے جیت کر لگاتار نویں مرتبہ یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ ایک اور ہسپانوی حریف فلسیانو لوپیز سے ہو گا۔
ادھر خواتین کی عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے بھی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں ان کا مقابلہ اپنی بہن اور سابقہ چیمپیئن وینس ولیمز سے ہو گا۔
سرینا نے اپنی شاندار فارم کا سلسلہ برقرار رکھا اور امریکا کی ہی 19ویں سیڈ میڈیسن کی کو 6-3 اور 6-3 سے شکست دے کر ٹائٹل کے ساتھ ساتھ کیلنڈر گرینڈ سلیم کی جانب پیش قدمی برقرار رکھی۔
ان کی بہن اور 23ویں وینس ولیمز نے 152ویں سیڈ ایسٹونیا کی کوالیفائر اینٹ کونٹاویٹ کو باآسانی 6-2 اور 6-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی جہاں ان کا سامنا اپنی بہن اور عالمی نمبر ایک سرینا سے ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ پانچ سال سے گرینڈ سلیم مقابلوں میں وینس کی کارکردگی اس معیار کی نہیں رہی جس کے لیے وہ ماضی میں مشہور تھیں اور یہی وجہ ہے کہ 2010 کے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی کے بعد سے وہ کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکیں۔
اگر سرینا یہ گرینڈ سلیم جیت جاتی ہیں تو وہ سال کے چاروں گرینڈ سلیم مقابلے جیت کر کیلنڈر گرینڈ سلیم مکمل کر لیں گی اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے ٹائٹلر کی تعداد 22 تک پہنچا کر جرمنی کی اسٹیفی گراف کا ریکارڈ برابر کردیں گی۔