تہران ۔ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جنیوا میں ہونے والے جوہری معاہدے کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”اس معاہدے نے ناجائز ریاست کوعالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے۔”
ایران کے منصب صدارت پر فائز ہونے کے ایک سو دن پورے ہونے پر ایک ٹی وی انٹر ویو میں ڈاکٹر روحانی کا کہنا تھا ” کچھ ملکوں نے ایران کو تنہا کرنے کی کوشش کی لیکن اب ہمارے دشمن خود تنہا ہو چکے ہیں۔”
ایرانی صدر نے اسرائیل کا نام لیے بغیر اسے قابض اور ناجائز ریاست قرار دیا اور اس کی طرف سے معاہدے میں رکاوٹیں ڈالنے کا ذکر کیا۔
واضح رہے اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس معاہے کو” تاریخی غلطی ”کا نام دے کر اس بارے میں اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا تھا۔
دوسری طرف ایرانی صدر کیلیے اپنے ہاں شدت پسند حلقوں کو قائل کرنا ابھی ایک اہم چیلنج ہے کہ ایران نے یہ معاہدہ کر کے کوئی خسارے کا سودا نہیں کیا ہے۔
واضح رہے اس جوہری معاہدے کے بعد ایران میں جشن کا سماں ہے۔