لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ آخر کار گزشتہ ۱۵ دنوں سے قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے بی جے پی نے کانگریس کو خیر آباد کہنے والے جگدمبیکا پال کو ڈومریا گنج نشست سے امیدوار بناکر انہیں تحفہ سے نوازا ہے۔ اس کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے لیڈر ومزاحیہ ادا کار راجو شریواستو کو بھی بی جے پی میں شامل کر دیاگیا ہے۔ دہلی واقع بی جے پی صدر دفتر میں پارٹی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے اس کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ جگدمبیکا پال گزشتہ کئی ماہ سے کانگریس سے ناراض تھے۔ گزشتہ ۱۵ دنوں سے ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائی کی جا رہی تھیں۔
دوسری جانب سماج وادی پارٹی کے لیڈر و مزاحیہ ادا کار راجو شریواستو نے بھی سماج وادی پارٹی کو خیرباد کہہ کر بی جے پی کا دامن تھام لیا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی کے ٹکٹ پر راجو شریواستو کو پھول پور سے امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔
حالانکہ راجو شریواستو نے پہلے ہی یہ واضح کر دیا تھا کہ وہ بی جے پی میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کے ٹکٹ ملنے کے معاملہ میں انہوںنے کہا کہ یہ ان کی ترجیح نہیں ہے لیکن اگر پارٹی انہیں ہدایت دے گی تو وہ انتخابی میدان میں آنے کیلئے تیار ہیں۔