جونپور۔ (نامہ نگار)۔ ظفر آباد تھانہ حلقہ کے وہروز پور گاؤں میں گزشتہ رات ایک نوجوان کا گلا دباکر قتل کر کے اس کی لاش کو نزدیک ہی واقع گیہوں کے کھیت میں پھینک دیاگیا جس کی اطلاع آج صبح ہوئی تو علاقہ میں سرا سیمگی پھیل گئی۔ اس قتل کے سلسلہ میں پولیس سمیت گاؤں والے طرح طرح کی چہ می گوئیاں کر رہے ہیں۔ اطلاع کے مطابق مذکورہ گاؤں کے رہنے والے سنگرام یادو کا تقریباً بیس سالہ بیٹا گیان چندر یادو اپنے کنبہ سے الگ رہ کر گھر سے تقریباً ۵۰۰ میٹر کی دوری پر واقع چچا زاد بھابی کے ساتھ رہتا تھا۔اس کا چچا زاد بھائی روزی روٹی کے سلسلہ میں ممبئی میںرہتا ہے جبکہ یہاں اس کی بھابی اپنے تین بچوں کے ساتھ اکیلے رہتی تھی۔ سنگرام کے کنبہ کے لوگوں کی مانیں تو آج صبح گیان چندر کی لاش گھر کے نزدیک کھیت میں ملی جس کی اطلاع ملنے پر علاقہ میں سرا سیمگی پھیل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے موقع پر گاؤں والوں کا ہجوم جمع ہو گیا۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح بھابی کی جھونپڑی میں سویا ہوا تھا۔ نامعلوم لوگ چار پائی سمیت اسے اٹھا لے گئے اور کھیت میں لاکر مفلر سے گلا دباکر اس کا قتل کر دیا۔ اطلاع ملنے پر ایس پی بھارت سنگھ یادو ، ایڈیشنل ایس پی سٹی رام جیت سنگھ یادو، ایس پی دیہات او پی پانڈے، سرکل افسر سٹی الکا بھٹناگر سمیت دیگر پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر جائے واردات کا معائنہ کیا۔اس کے ساتھ ہی ڈاگ اسکوئڈ بھی پہنچا اور تفتیش شروع کر دی ۔ تادم تحریر قتل کی وجہ اور قاتلوں کا سراغ نہیں مل سکا۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے ۔ قتل کے سلسلہ میں گاؤں والوں میں چی می گوئیاں جاری ہیں۔