لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ممبئی واقع ایئر انڈیا کی کال سینٹر پر فون کر کے اموسی ایئر پورٹ پر دو طیاروںکو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے نوجوان کو کچھ ہی گھنٹوں میں راجدھانی کی سرویلانس سیل نے گرفتارکر لیا۔ پکڑا گیا نوجوان سبکدوش آئی پی ایس افسر کا بیٹا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم نوجوان ذہنی طور پر بیمار ہے۔ سرویلانس سیل نے اس کو پکڑ کر علی گنج پولیس کے حوالے کر دیا ہے اس کے بعد اس کی دماغی حالت کو دیکھتے ہوئے کنبہ والوں کے سپرد کر دیاگیا۔
سنیچر کی رات تقریباً ۸ بجے ممبئی ایئر انڈیا کے کال سینٹر پر ایک نوجوان نے فون کیا۔ فون کرنے والے نوجوان نے اموسی ایئر پورٹ پر ایئر انڈیا کے دو طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔ دھمکی بھرے اس فون کے آتے ہی کال سینٹر نے فوراً اس
کی اطلاع ممبئی ایئر ٹریفک کنٹرول روم کو دی۔ دھمکی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ممبئی اے ٹی سی نے اموسی ایئر پورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرول کو اس بات کی اطلاع دی۔ جہازوں کو بم سے اڑانے کی بات سنتے ہی اموسی ہوائی اڈہ پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ موقع پر راجدھانی پولیس کے افسر بھی پہنچ گئے۔ راجدھانی پولیس اور سی آئی ایس ایف کے افسران نے اموسی ہوائی اڈہ پر سخت جانچ کی لیکن کہیں کچھ نہیں ملا۔ وہیں دھمکی بھرا فون کرنے والے نوجوان کی تلاش کیلئے سرویلانس سیل کو لگایا گیا۔ سرویلانس سیل نے اے ٹی سی سے نوجوان کا موبائل نمبر حاصل کیا اور اس کے بعد سرویلانس کی مدد سے علی گنج کے رہنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ۔ سرویلانس سیل نے اس کے قبضہ سے دھمکی دینے کیلئے استعمال کیا گیا موبائل فون بھی برآمد کیا۔ ملزم اندرا نگر میں رہنے والے ایک سبکدوش آئی پی ایس افسرکا بیٹا ہے۔ کنبہ والوں نے بتایا کہ نوجوان کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔سرویلانس سیل نے اس کو علی گنج پولیس کے سپرد کر دیا ہے۔ نوجوان کی دماغی حالت خراب قرار دیتے ہوئے کنبہ والوں کے حوالے کر دیا گیا۔