جالندھر،نئی دہلی: جموں توی سے پنے کی سمت جا نے والی 11078اپ جہلم ایکسپریس ٹرین کے دس ڈبے پنجاب کے جالندھر لدھیانہ سیکشن پر پھلور اور لاڈووال اسٹیشنوں کے درمیان آج صبح پٹری سے اترگئے جس میں چار مسافر زخمی ہو گئے ۔ریلوے کے ذرائع کے مطابق یہ حادثہ صبح تین بج کر دس منٹ پر پیش آیا اور گاڑی کی پینٹری کار ،اے سی تھری ٹائر کا بی 5کوچ اور سلیپر ٹائر کے اے سی 1 سے لے کر ایس 8تک کوچ پٹری سے اترگئے جس میں چار مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔
زخمیوں میں سے تین مسافروں کو لدھیانہ کے سول اسپتال اور ایک کو پھلور سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔اس حاد ثے کی وجہ سے جالندھر -لدھیانہ ریلوے ٹریک پر دونوں سمت سے ریلوے ٹریفک متاثر ہواہے ۔فی الحال چار گاڑیوں کو رد کیاگیا ہے جن میں 14682جالندھر نئی دہلی انٹرسٹی ایکسپریس 12460امرتسر نئی دہلی انٹر سٹی ایکسپریس ،12054امرتسر ہری دوار جن شتابدی ایکسپریس اور 12242امرتسر چنڈی گڑھ سپرفاسٹ گاڑیاں شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر میڈیکل وین اور حادثہ راحت گاڑی فوراً جائے وقوع پر پہنچائی گئیں۔شمالی ریلوے کے فیروز پورڈیویژن کے ڈیویژنل ریلوے منیجرموقع پر پہنچ چکے ہیں۔نئی دہلی سے شمالی ریلوے کے جنرل منیجر اے کے پوٹھیا بھی روانہ ہوچکے ہیں۔پٹریوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق حادثے کی تفتیش کا حکم دے دیا گیا ہے ۔تباہ ٹرین کے انجن اور آتھ ڈبوں کو اگلے اسٹیشن اور پچھلے چھ کوچوں کو لوٹا کر پھلور لایا گیا ہے ۔ریلوے انتظامیہ نے حادثے کی شکار گاڑی کے مسافروں کے لئے بسوں کے ذریعہ آگے کے سفر کا انتظام کیا ہے ۔ریلوے کے مسافروں کی اطلاع اور اور سہولت کے لئے جموں توی،جالندھر ،لدھیانہ ،نئی دہلی،امرتسر اور پٹھان کوٹ اسٹیشنوں پر ہیلپ لائنیں بھی قائم کی ہیں جن کے نمبر مندرجہ ذیل ہیں:
جموں توی-2470166-0191
جالندھر-2225966-0181
لدھیانہ -2750501-0161
امرتسر-2225087-0183
پٹھانکوٹ -2233532-0186
نئی دہلی-23342954-011-1072-2280