لکھنؤ(نامہ نگار)۔جہیز نہ ملنے پر بیوی کو ڈرانے کے لئے شوہر نے اس پر مٹی کا تیل ڈال دیا ۔ اس کے بعد اسے جلانے کی دھمکی دی ۔ متاثرہ خاتون کسی طرح اس جہنم سے بھاگ نکلی اور اس بات کی اطلاع پولیس کو دی ۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ مہانگر کے سیکٹر سی کے رہنے والے تارا چندر نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی (۳۶)دپیکا کی شادی چار سال قبل بازار کھالہ کے شاشتری نگر کے رہنے والے اجے جیسوال کے ساتھ کی تھی ۔
شادی کے بعد سے اجے دپیکا سے جہیز میں ۵لاکھ روپئے کا مطالبہ کررہا تھا جس پر دپیکا نے اسے کہا کہ والد کی مالی حالت ٹھیک نہیں ہے جس کے سبب وہ روپئے نہیں دے سکتے ہیں ۔وہی بات اسے ناگوار گزری اور وہ دپیکا کو مارا پیٹا کرتا تھا ، ایک دن تو اجے نے ساری حدیں پار کردیں ۔ دپیکا پر اس نے جبراً مٹی کا تیل ڈال دیا اور اس کے بعد آگ لگانے کی دھمکی دینے لگا کسی طرح سے دپیکا وہاں سے اپنی جان بچا کر بھاگ نکلی اور اطلاع پولیس کو دی ۔ پولیس نے دپیکا کی تحریر پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔