ممبئی ۔جیمز بانڈ سیریز کی فلمیں پسند کرنے والوں کے لئے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ وہ اگلے سال اس سیریز کی نئی فلم دیکھ سکیں گے۔ فلم کی شوٹنگ 6 دسمبر سے پائن ووڈ اسٹوڈیو لندن میں شروع ہونے والی ہے۔برطانوی جریدے ’ورائٹی‘ کے مطابق، نئی فلم کی ڈائریکشن سیم مینڈس نے اپنے ذمے لے لی ہے۔ سیم اس سے قبل سنہ 2012ء میں ’اسکائی فال‘ بھی ڈائریکٹ کرچکے ہیں جس نے بہت بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کی تھی۔ڈینیل کریگ ایک مرتبہ پھر اس نئی فلم میں ایجنٹ زیرو، زیرہ سیون کا رول اداکریں گے۔ ڈینیل کی جیمز بانڈ سیریز کی یہ چوتھی فلم ہے جس میں وہ ایجنٹ 007کا رول اداکررہے ہیں۔ڈینیل اس سے قبل سنہ2006ء میں بننے والی فلم ’ کیسینو رویال ‘، 2008ء میں ’’کوئنٹم آف سولیس ‘‘ اور2012ء میں ’ اسکائی فال‘میں کام کرچکے ہیں۔فلم کی کاسٹ میں رالف نینیس، ناومی ہیرس اور بین ویشا بھی شامل ہیں جبکہ کاسٹ میں شامل باقی ستاروں کے نام ابھی کنفرم نہیں ہوسکے ہیں۔فلم کا اسکرین پلے جون لوگن، نیال پوریس اور روبرٹ واڈے نے لکھا ہے۔ ’اسکائی فال‘ کے کامیاب اسکرین پلے کے پیچھے بھی اسی ٹیم کا ہاتھ شامل تھا۔ایم جی ایم، سونی اور پروڈیوسرز مائیکل جی ویلسن اور باربرا بروکولی کا کہنا ہے کہ فلم برطانیہ میں اگلے سال23 اکتوبر اور امریکہ میں 6نومبر کو ریلیز ہوگی۔انڈوایشین نیوز سروس کے مطابق ’اسکائی فال‘ میں ہسپانوی اداکار جیوئیر برڈیم نے ولن کا کردار اداکیاتھا اور یہ جیمز بانڈ سیریز کی سب سے کامیاب فلم قرار پائی تھی جس نے دنیا بھر میں ایک کروڑ ڈالر ز کا بزنس کیا تھا۔