کانپورشہر(نامہ نگار)سنسنی خیز جیوتی قتل معاملے میں ۴۰گھنٹے کے بعد آخر کار پولیس نے جیوتی کے شوہر پیوش اوراس کی معشوقہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ آئی جی زون دفتر میں دونوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔پولیس
کے ایک ترجمان کے مطابق شوہراوربیوی کے درمیان ایک دیگر خاتون کے ہونے کے بعد جیوتی کا قتل ہواہے۔
کافی حد تک قتل کے معاملے کا انکشاف کیا جاچکاہے ۔اورجلدہی قتل کی سازش کا پردہ فاش کردیا جائے گا۔ دوسری جانب جیوتی کے والدین نے اپنے داماد پر قتل کا الزام عائد کیا ہے آئی جی نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی قتل کی سازش کا انکشاف کردیا جائے گا۔کاکا دیوتھانہ علاقہ کے پانڈونگر باشندے بسکٹ کاروباری اوم پرکاش شیام دسانی کے چھوٹے بیٹے پیوش کی بیوی جیوتی کااتوار کو قتل کردیاگیاتھا اس کی خون آلودہ لاش پیوش کی کارسے برآمدکی گئی تھی جبکہ پیو ش نے نامعلوم بدمعاشوںکے خلاف بیوی کو اغواکرنے اورقتل کا الزام عائد کیاتھا۔پولیس نے جب پورے معاملے کی تحقیقات کی توقتل کرنے کا شک شوہر پر ہوا۔آئی جی زوجن کی ہدایت پر ایس ایس پی اورڈی آئی جی رینج کی کرائم برانچ ٹیم معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
آئی جی آشوتوش پانڈے بھی ذاتی طورپرجائے حادثہ پر گئے اورانھوں نے ثبوت جمع کئے دوشنبہ کو جیوتی کی آخری رسوم ا داہونے کے بعددیر رات آئی جی نے اس کے والد شنکرناگ دیو سے بھی علیحدہ ملاقات کی ۔جیوتی کے شوہر پیوش پر شک کرتے ہوئے جب انھوں نے سوال کئے تو شنکر ناتھ دیو نے بھی داماد کے کردار کو مشتبہ بتایا۔جب کہ جیوتی ماں کنچن نے داماد کے خلاف قتل کا الزام عائد کیا۔کنچن کے مطابق پیوش کے ایک خاتون کے ساتھ ناجائزتعلقات تھے ۔جیوتی نے انھیںکئی مرتبہ اس کے بارے میں آگاہ گیا ۔جب کہ جیوتی کے خسر دونوں کے درمیان تصفیہ کرانے کی کوشش کررہے تھے لیکن پیوش اس کے لئے تیار نہیں تھا۔ اسی سلسلے میں دونوںکے درمیان آئے دن تکرارہوتی رہتی تھی اورقتل کے دن بھی دونوں کے درمیان تکرار ہوئی تھی جس کے بعد پیوش نے جیوتی کوقتل کردیا تھا۔جیوتی کے والدین کا الزام اورپولیس کی جانچ نے پیوش پر شک ہونے کی بنا پر آئی جی کے حکم پر سی او سروپ نگرراکیش نائیک اورایس او شیوکمار راٹھور نے پیوش کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا۔جب کہ خاتون تھانہ کی ٹیم نے پیوش کی معشوقہ کو بھی حراست میںلے لیا دونوں سے آئی جی دفتر میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔