نئی دہلی(وارتا) موبائل فون بنانے والی کمپنی جیوی موبائلس نے ہندوستانی بازار میں سب سے کم قیمت والا انڈرائڈ اسمارٹ فون جیوی جے ایس پی ۲۰پیش کیا ہے جس کی قیمت ۱۹۹۰ روپئے ہے۔کمپنی کے سی ای او پنکج آنند نے آج یہاں اسمارٹ فون پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ساڑھے تین انچ کے گروپ میں یہ سب سے سلم اور سب سے کم قیمت والا ہے اور یہ دنیا کا سب سے کم قیمت والا انڈرائڈ اسمارٹ فون ہے۔ مسٹر انند کے مطابق ہندوستانی حکومت کے ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کو کامیاب بنانے میں یہ اسمارٹ فون کافی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ محض ۳۳ ڈالر کا ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ جیوی جے ایس پی ۲۰ کی صلاحیتوں کے ساتھ کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ کیا گیا ہے۔
اسے ایک شروعات کے بتاتے ہوئے مسٹر آنند نے کہا کہ کمپنی آنے والے دنوں میں سب سے کم قیمت والے تھری جی،ڈول کور، کواڈ کوراور آکٹا کور فون بھی پیش کرے گی۔ کمپنی کا ارادہ ہندوستان میں ایک پیداواری اکائی بھی قائم کرنے کا ہے۔ جیوی کا یہ فون امیزن ڈاٹ ان
پر خصوصی طور پر دستیاب ہوگا۔ فون کی آن لائن بکنگ آج سے شروع ہوگئی ہے اور ۲۵ ستمبر کے بعد سے اس کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔
آنند نے بتایا کہ ٹچ اسکرین اور دول سم والا یہ فون محض ۹۵ گرام وزن کاہے۔ اس میں لیڈ فلش کے ساتھ ۲ میگا پکسل کا کیمرہ بھی نصب ہے جو کم روشنی میں بھی بہترین تصویر دیتاہے۔واضح رہے کہ جیوی نے ۲۰۰۴ میں ہندوستانی بازار میں کام شروع کیا تھا۔ کمپنی نوکیا، سونی ایریکسن، ایپل آئی فون جیسے موبائل برانڈوں کی خصوصی ڈیلر رہی ہے۔ کمپنی نے ۲۰۱۱ میں اپنا برانڈ بازار میں پیش کیا تھا۔ ملک میں اس کی ۲۰ برانچ دفاتر، ۵۳۳ ڈیلر،۲۵ہزار سے زیادہ ریٹیلر اور ۵۷۵ سروس سینٹر ہیں اسی کے ساتھ کمپنی کا ٹاٹا انڈکام ، ریلائنس، آیئر سل اور ایم ٹی ایس کے ساتھ آپریٹر ٹائی اپ ہے۔