نئی دہلی ، 24 اگست ( یواین آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک قدآور لیڈر، دانشور اور قانون شعبے کے ماہرتھے ۔
تین ممالک کے دورے کے دوسرے مرحلے میں متحدہ عرب امارات پہنچے مسٹر مودی نے مسٹر جیٹلی کی اہلیہ سے ٹیلی فون پر بھی بات کی ۔ اپنے تعزتی پیغام میں انہوں نے کہا’’ان کا انتقال افسوسناک ہے ۔ ان کی اہلیہ سنگیتا جی اور بیٹے روہن سے بات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اوم شانتی ‘‘۔وزیر اعظم نے کہا’’ارون جیٹلی جی کے انتقال سے انہوں نے ایک اہم دوست کھو دیا ہے، جن کو میں دہائیوں سے جانتا تھا ۔ مختلف مسائل پر ان کی معلومات غیر معمولی تھی
انہوں نے اچھی زندگی گذاری اور ہمیں کئی اچھی یادوں کے ساتھ چھوڑ گئے ۔ ہمیں ان کی یاد آئے گی‘‘۔ مسٹر مودی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور مسٹر جیٹلی کا اٹوٹ رشتہ تھا ۔ تیز طرار طلباء لیڈر کے طور پر وہ ایمرجنسی کے دوران جمہوریت کو بچانے کے لئے آگے آئے تھے ۔ وہ پارٹی کا چہرہ بن گئے تھے اور انہوں نے اپنے پروگراموں اور منصوبوں سے پارٹی کے نظریات کو معاشرے کے بڑے طبقے تک پہنچایا ۔
اپنے طویل سیاسی کیریئر کے دوران انہوں نے مختلف محکموں کے وزیر رہتے ہوئے ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا اور ملک کی اقتصادی ترقی، دفاع، قانون اور تجارت کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا۔