لکھنؤ۔(نامہ نگار)گوسائیں گنج کے امیٹھی چوراہے پر پیر کوسواریوں سے بھری ایک جیپ اوور ٹیک کرنے کے چکر میں ایک ٹرک سے ٹکراگئی۔
حادثے میں جیپ پر سوار آدھا درجن سے زائد افراد کو چوٹیں آئیں۔ گوسائیں گنج کے گنگا گنج سے کچھ سواریاں لے کر جیپ لکھنؤ کی طرف آرہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ جیپ جیسے ہی امیٹھی چوراہے پر پہنچی اور ایک گاڑی کو اوورٹیک کرنے لگی کہ سامنے سے ایک ٹرک آگیا۔
ٹرک کو دیکھ کر جیپ ڈرائیور ۳۵سالہ جابر ساکن گنگا گنج اپنا ہوش وحواس کھو بیٹھا اور ٹرک سے ٹکراگیا ۔ کہا جاتا ہے کہ جیپ تیز رفتار تھی جس کی وجہ سے اس ٹکر میں ٹرک پلٹ گیا اور جیپ کے بھی پڑاخچے اڑ گئے اور دور تک وہ پھسلتی ہوئی جاکر پلٹ گئی۔ اس حادثے میں جیپ پر سوار گنگا گنج کے رہنے والے جاوید ،وجے بہادر، جگیندر کرشن پال، ڈرائیور جابراور بھوانی کھیڑا کے رہنے والے رنکووسلیم پور کی رہنے والی انیتا اور اس کا پانچ سالہ بچہ جگر سخت زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے سبھی زخمیوں کو علاج کیلئے سی ایچ سی میں داخل کرادیا۔ زخمی کے انیتا کے بیٹے کی حالت سنگین بتائی جارہی ہے۔