چنئی، 23 مئی (یو این آئی) پرجوش کارکنوں اور ہزاروں حامیوں کی موجودگی میں اے آئی اے ڈی ایم کے کی سربراہ جے جیہ للیتا نے آج وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیا۔ وہ پانچویں بار تمل ناڈو کی وزیراعلی بن رہی ہیں۔گورنر کے روسیا نے مدراس یونیورسٹی کے احاطہ میں سخت سیکورٹی کے درمیان منعقدہ ایک شاندار تقریب میں محترمہ جے جیہ للیتا کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔محترمہ جیہ للیتا نے وہاں موجود پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اور حامیوں کی تالیوں کی گونج کے دوران تمل زبان میں اپنے عہدہ کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب کے دوران وقفہ وقفہ سے پورا ہال تالیوں کی آواز سے گونجتا رہا۔محترمہ جیہ للیتا کے ساتھ ہی ان کی کابینہ کے 28 وزراء بھی حلف لے رہے ہیں۔
آمدنی سے زیادہ اثاثہ حاصل کرنے کے معاملے میں خصوصی عدالت کی جانب سے گزشتہ سات ستمبر کو قصوروار قرار دیئے جانے کے بعد اس فیصلہ کو کرناٹک ہائی کورٹ میں چیلنج کرکے بری ہونے والی جیہ للیتا آٹھ ماہ کے وقفہ کے بعد ایک بار پھر سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے جا رہی ہیں۔آج صبح جیسے ہی ان کا قافلہ حلف برداری کی تقریب گاہ کی جانب روانہ ہوا، راستے میں ہزاروں کی تعداد میں موجود لوگوں نے اماں، امی کے نعروں کے ساتھ ہاتھ ہلا کر ان کا استقبال کیا۔ قافلے کے ساتھ بڑی تعداد میں پارٹی کے کارکن بھی چل رہے تھے ۔
محترمہ جیہ للیتا کے ساتھ ان کے 28 وزیروں نے بھی حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد گورنر روسیا نے محترمہ جیہ للیتا کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے مبارکبا د دی۔نئی کابینہ میں محترمہ جیہ للیتا نے اپنے پرانے ساتھیوں کو دوبارہ جگہ دی ہے ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ان کے 14۔2011 کی میعاد کار میں ان کے ساتھ تھے جن میں وزیر خزانہ کے طور پر ان کے معتمد او پنیر سیلوم، وزیر توانائی کے طور پر این آر وشوناتھن، وزیر رہائش کے طور پر آر ویدھ لنگم اور پی موہن شامل ہیں۔راج بھون نے حلف برداری سے پہلے ہی وزیروں کی باضابطہ فہرست جاری کردی گئی تھی۔ جیہ للیتا کے پاس داخلہ، پولیس، لوک، عام انتظامیہ کے قلمدان رہیں گے ۔حلف برداری کی تقریب میں محترمہ جے للیتا کی قریبی معاون ششی کلا، بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر پی رادھا کرشنن، بی جے پی لیڈر ایچ راجا اور ایل گنیشن اور سپر اسٹار رجنی کانت، ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سابق صدر اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے صدر این شری نواسن، انا ڈی ایم کے کے ممبران پارلیمنٹ، آل انڈیا سمتھوا مکل کاچی کے بانی اور اداکار آر سرتھ کمار سمیت کئی نامور شخصیات موجود تھیں۔حلف برداری کی تقریب نصف گھنٹہ تک جاری رہی۔ اس کے ختم ہوتے ہی محترمہ جیہ للیتا اور ان کے کابینہ اراکین نے گورنر کے ساتھ گروپ فوٹو کھنچوائی۔