بجنور، 9 اپریل (یو این آئی) اپنے زمانے کی مشہور فلم اداکارہ جیہ پردا کی وجہ سے اترپردیش کی بجنور لوک سبھا سیٹ کا انتخابی مقابلہ کافی دلچسپ ہوگیا ہے۔اس سیٹ پر کانگریس سات بار جیت حاصل کرچکی ہے۔ دو ضمنی انتخابات اور 15 عام انتخابات میں یہاں کے رائے دہندگان نے بڑے بڑے قدآور لیڈروں کو لوک سھا میں بھیجا ساتھ ہی مختلف پارٹیوں کی لہر میں نئے امیدواروں کو بھی یکساں عزت بخشی۔ سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے قریبی ساتھی رہنے والے عبدالطیف گاندھی، آنجہانی جگ جیون رام کی بیٹی میرا کمار اور چودھری گردھاری لال جیسے لیڈروں کو بھی اس سیٹ نے پارلیمنٹ بھیجا۔سال 1952 میں شروع ہونے والی انتخابی جنگ میں سب سے پہلے کانگریس کے بابو نیمی شرن منتخب ہوئے تھے۔ کانگریس کی جیت کا یہ دور 1975 تک چلا لیکن مشہور آریہ سماجی لیڈر پرکاش ویر شاستری ایک بار آزاد امیدوار کے طور پر بازی مار لے گئے۔ 1957 کے انتخاب میں مسٹر گاندھی نے جن سنگھ سے ٹکر لے کر پھر جیت حاصل کی۔اس جیت کے بعد مسٹر گاندھی نے اس علاقے کو نظرانداز کیا جس کی وجہ سے عوام نے 1962 کے الیکشن میں آزاد امیدوار پرکاش ویر شاستری کو ووٹ دے کر جیت دلائی۔ کانگریس کو جیسے ہی اس غلطی کا احساس ہوا ، اس نیعوام کو ایک بار پھر گلے سے لگایا جس کے نتیجہ میں 1967 کے الیکشن میں کانگریس کے رامانند شاستری کامیاب ہوئے۔