نئی دہلی:کانگریس نے آج کہا کہ حکومت اشیاء و سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) بل پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کے بارے میں اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے لیکن اسے پہلے یہ بتانا ہو گا کہ نئے بل کا پورا خاکہ کیا ہے اور اس میں پارٹی کے مشورے شامل ہیں یانہیں۔لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اس بل میں ترمیم کئے ہیں۔
سلیکٹ کمیٹی میں دیئے گئے مشورے اس میں شامل ہیں یا نہیں، پہلے یہ دیکھنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک بل کے حتمی خاکہ کا مطالعہ نہیں کیا جاتا، کانگریس اس سلسلے میں اپنے موقف کا اظہار نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہاکہ یہ بل کانگریس پارٹی پاس کرنا چاہتی تھی لیکن موجودہ حکومت نے اس بل میں جو تبدیلیاں کی ہیں وہ کانگریس کو منظور نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کرنا ہوگا۔ اس کیلئے مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ پارلیمانی امور کے وزیر وینکیا نائیڈو نے ان سے اس سلسلے میں آج بات کی لیکن انہوں نے حکومت کو واضح کردیا کہ پارٹی کو پہلے بل کی کاپی فراہم کرائی جائے ۔ پارٹی دیکھے گی کہ اس نے جو ترامیم پیش کئے ہیں وہ ان میں جوڑے گئے ہیں یا نہیں۔