نئی دہلی:جماعت اسلامی ہند نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے معاملہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معمولی واقعہ کو جس انداز سے طول دے کر قومی معاملہ بنادیا گیا، اس سے حکومت کا فسطائی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے ۔
جماعت اسلامی کی ماہانہ پریس بریفنگ کو خطاب کرتے ہوئے اس کے قیم انجینئر محمد سلیم نے آج الزام لگایا کہ ایک خاص فکر کے لوگوں نے کئی ریاستوں میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹوں کی صف بندی کرنے کی غرض سے اس معاملے کو اتنا طول دینے کی کوشش کی تاکہ ملک میں فرقہ وارانہ ماحول قائم کرکے الیکشن میں جیت حاصل کی جاسکے ۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے بعض چینلوں نے بی جس انداز سے جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار کے خلاف میڈیا ٹرائل چلا کر عدالت کے فیصلہ آنے سے پہلے ہی انہیں ملک کا غدار قرار دے دیا اس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ کچھ میڈیا چینل مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے میں فسطائی قوتوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی طلبہ اور صحافیوں پر پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں حملے کی سخت مذمت کرتی ہے ۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)سے تعلق رکھنے والے بعض وزیر، ممبر پارلیمنٹ، ممبر اسمبلی اور لیڈر اقلیت کے خلاف مسلسل زہر افسانی کررہے ہیں۔ جو انتہائی قابل مذمت ہے اور اس سے ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ اس لئے مرکز کی مودی حکومت پر ایسے لوگوں پر فورا لگام لگانا چاہئے تاکہ ملک کی قومی ہم آہنگی کو برقرار رکھا جاسکے ۔ مسٹر انجینئر سلیم نے کہا کہ کسی فرقہ کے خلاف زہر افسانی کے لئے ریاستی حکومتیں بھی برابر کی ذمہ دار ہیں کیونکہ جن ریاستوں میں ایسے واقعات ہوتے ہیں، وہاں کی حکومت اس کے خلاف فوری کارروائی نہیں کرتی ہے ، جس کے سبب ایسے عناصر کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور پھر وہ بلاخوف زہر افسانی کرتے رہتے ہیں۔جماعت اسلامی نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش کردہ عام بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کسانوں، ہیلتھ سوشل سیکٹر اور ایجوکیشن سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا ہے جو ملک کی ترقی کے لئے کوئی اچھا اشارہ نہیں ہے ۔جماعت اسلامی ہند کے سربراہ مولانا جلال الدین عمری نے پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ تجاویز سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس میں کارپوریٹ سیکٹر کو بڑھاوا دیئے جانے کی کوشش کی گئی ہے ۔جماعت اسلامی ہند نے عوام سے اپنے صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرکے ہم فرقہ پرستوں اور فسطائی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بناسکیں گے ۔