نئی دہلی، 23 مارچ (یو این آئی) گذشتہ عام انتخابات میں شمال مشرقی دہلی لوک سبھا حلقہ سے دو لاکھ سے زائد ووٹوں سے کانگریس کا پرچم لہرانے والے جے پرکاش اگروال کو اس بار سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ سال 2008 میں نئی حدبندی کے بعد بنی اس پارلیمانی سیٹ پر اس بار مقابلہ کافی دلچسپ ہونے کی امید ہے۔
انتخابی عمل کے ذریعہ دوبارہ کانگریس کے امیدوار بننے والے پارٹی کے سابق ریاستی صدر جے پرکاش اگروال کا پھر سے لوک سبھا میں پہنچنے کا راستہ پہلے کی طرح آسان نظر نہیں آرہا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس پارلیمانی حلقے میں پوروانچل کے ووٹروں کی اکثریت کو دیکھتے ہوئے بھوج پوری فلموں کے اداکارمنوج تیواری کو میدان میں اتارا ہے۔
دوسری طرف عام آدمی پارٹی (آپ) نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں سماجی علوم کے پروفیسر آنند کمار کو اس حلقے میں اپنا امیدوار بنایا ہے۔