لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔گڑمبا علاقہ میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان حادثہ کا شکار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت موٹر سائیکل سوار بے قابوہوکر گر گیا جس کے سبب دونوں شدید طور سے زخمی ہو گئے۔ لوگوں نے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا جہاں دوران علاج ایک کی موت ہو گئی جبکہ دوسرے کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اطلاع کے مطابق مڑیاؤں ہری اوم نگر کے رہنے والے تیس سالہ ادے منگل کو موٹر سائیکل سے اپنے دوست کملیش کے ساتھ محمود آباد کٹرا گیا تھا۔ دونوں شام کے وقت واپس لوٹ رہے تھے اسی دوران پکنک اسپاٹ کے پاس ان کی موٹر سائیکل تیز رفتار ہونے کے سبب بے قابو ہو گئی ، موٹر سائیکل سوار گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی لیکر ڈیوائڈر سے ٹکرا گیا۔
آس پاس موجود لوگوں نے دونوں کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں دوران علاج ادے کی موت ہو گئی جبکہ کملیش کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔