ریاض ؛سعودی عرب کی حکومت نے روایتی انداز سے ہٹ کرجدید سائنسی آلات اور ٹیکنالوجی کی مدد سے حجاج کی دیکھ بحال اور نگرانی کا طریقہ اختیار کیا ہے۔ حجاج کی نقل وحرکت کو کنٹرول کرنے کے لیے مسجد حرام کے قرب و جوار اور مشاعر مقدسہ میں کم سے کم 4200 کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ جدید نوعیت کے ان ڈیجیٹل کیمروں کی مدد سے 60 کلومیٹردور سے حجاج کی شناخت ممکن ہو جائے گی۔
حج سے متعلق سعودی حکومت کی کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہ میجر جنرل عبداللہ الزھرانی نے میڈیا کو بتایا کہ جدید ترین کیمرے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حج کی تاریخ میں پہلی بار استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کیمروں کی مدد سے ساٹھ کلومیٹر دورسے کسی بھی شخص کی مکمل شناخت ممکن ہے۔
جنرل الزھرانی نے بتایا کہ تمام مشاعر مقدسہ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے سیکیورٹی مراکز کو وزارت داخلہ کے زیرانتظام مرکزاطلاعات سے مربوط کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نگرانی کے لیے اعلیٰ معیار کے کیمروں کی تنصیب کے بعد نہ صرف حجاج کو محفوظ بنایا گیا ہے بلکہ انتظامی اداروں کو بھی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ اب سیکیورٹی اداروں کو ایک کنٹرول روم میں بیٹھ کر حجاج کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
جنرل الزھرانی نے کہا کہ مسجد حرام اور مشاعر مقدسہ میں حجاج کی سہولت کے لیے بیالیس سو ڈیجیٹل خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ان کے علاوہ فیلڈ میں کام کرنے والے کارکنوں کی سہولت کے لیے مشاعرکے لیے اہم مقامات کے مطبوعہ نقشے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ نیز حجاج کرام کی سہولت کے لیے آن لائن نقشوں اورمقدس مقامات کی مکمل تفصیلات پرمبنی سی ڈیز بھی تیاری کی گئی ہیں۔ مقدس مقامات کے نقشہ جات، راستوں اور اہم مقامات کی نشاندہی سے متعلق تفصیلات کو جدید ٹیکنالوجی کےایک نئے سسٹم میں ڈھالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
شاہ عبدالعزیز سٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی اس منصوبے پرکام کر رہا ہے۔ پیش آئند حج کے موقع پرانتظامیہ اور حجاج دونوں کو ایسی سافٹ ویئر ایپلیکیشن کی سہولت فراہم کردی جائے گی جس کے استعمال سے وہ بہ آسانی اپنے مطلوبہ مقام تک رہ نمائی حاصل کرسکیں گے۔ خود کار طریقےسے کام کرنے والا یہ سافٹ ویئرانٹرنیٹ سے مربوط نہیں ہوگا اس لیے نیٹ کے ذریعے اس تک رسائی بھی نہیں ہوگی۔
درایں اثناء ریاض میں “فائر ڈیپارٹمنٹ” کے سربراہ میجر جنرل حمد المبدل نے کہا ہے کہ فائربریگیڈ کے امدادی اداروں اور حج آپریشن میں شامل دیگر شعبوں کے درمیان اپنی اپنی حدود میں ذمہ داریوں سے متعلق مکمل ہم آہنگی پائی جا رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فائربریگیڈ کی ذمہ داری صرف آگ پر قابو پانے اوراس نوعیت کے واقعات پر نظر رکھنا ہے تاہم حسب ضرورت فائر بریگیڈ کے رضاکار کسی بھی دوسرے ہنگامی امدادی آپریشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے ہزاروں کارکن اور سیکڑوں گاڑیاں حجاج کرام کی اقامت گاہوں اور مشاعر مقدسہ میں ہمہ وقت موجود رہیں گی۔