لکھنؤ(نامہ نگار)حج کمیٹی آف انڈیا نے حج ۲۰۱۴ء کے پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ حج کیلئے درخواست فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ ۱۵مارچ مقرر کی گئی ہے۔ اس کیلئے فارم آئندہ یکم فروری سے ریاستی حج کمیٹی کے دفتر، سبھی ضلع اقلیتی بہبودافسر کے دفاتر ، گذشتہ سال کے حج تربیتی مراکز، مدارس کے ساتھ ہی ریاستی حج کمیٹی کے اراکین سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ درخواست فارم کو حج کمیٹی کی ویب سائٹ www.uphajcmmittee.com یا www.hajcommittee.com سے بھی یکم فروری سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس بار حج درخواست فارم اورگائڈ لائنس کو ایک کتابچہ میں کر دیا گیا ہے۔ حج درخواست دہندگان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فارم بھرنے سے قبل دیئے گئے رہنما اصولوں کا اچھی طرح سے مطالعہ ضرور کر لیں۔ حج درخواست فارموں کو آئندہ یکم فروری سے ۱۵مارچ تک کسی بھی کام کے دن اترپردیش ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کیا جا سکتا ہے۔ درخواست فارموں کو ڈاک کے ذریعہ بھی دفتر کے پتے ۱۰-اے ، ودھان سبھا مارگ لکھنؤ۲۲۶۰۰۱ پر ارسال کیا جا سکتا ہے۔
اترپردیش ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری سلطان احمد نے واضح کیا ہے کہ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے زندگی میں ایک بارحج کرنے کی پابندی عائد کی گئی ہے اس لئے جو لوگ حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ پہلے حج کر چکے ہیں وہ حج ۲۰۱۴ء میں درخواست نہیں دے سکتے۔ اگر کوئی شخص ایسا کرتا ہے تومعاملہ کی اطلاع ملتے ہی اس کی درخواست منسوخ کرتے ہوئے اس کی پوری جمع رقم ضبط کر لی جائے گی۔
حج درخواست دہندگان کے پاس اوریجنل بین الاقوامی پاسپورٹ ہونا ضروری ہے جس کے جاری ہونے کی تاریخ ۱۵مارچ ۲۰۱۴ء یا اس سے قبل کی ہو اور اس کی ویلیڈٹی ۳۱مارچ سے قبل ختم نہ ہو رہی ہو۔حج درخواست دہندگان کے پاس آئی ایف ایس کوڈ والے بینک اکاؤنٹ کی تفصیل لگانا ضروری ہے۔ دماغی طورپر صحت مند افراد ہی حج کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ عازمین حج کو کتابچہ میں منسلک تمام رسمی اعلانات خود سے تصدیق کردہ ایک سادہ کاغذ پر لگانا ضروری ہے۔ حج کمیٹی کے
سکریٹری کے مطابق عازمین حج کے ساتھ جانے والا لگیج/سامان کا سائز طے شدہ معیار کے مطابق ہونا ضروی ہے۔ مکہ میں رہائش کیلئے دو درجے زمرہ گرین اور عزیزیہ ہیں۔ گرین کیٹگری حرم شریف کی باہری حد سے ۱۵۰۰میٹر کے اندر ہوگی جبکہ دوسری کیٹگری عزیزیہ علاقہ میں ہوگی۔ بس کی سہولت صرف عزیزیہ درجہ کے عازمین حج کو حاصل ہوگی اور باقی سہولتیں دونوں درجے کے مسافران حرم کو فراہم ہوںگی۔