نئی دہلی؛ اس سال حج میں رمی جمرات کے مرحلے میں بھگدڑ میں ہلاک ہونے والے حاجیوں میں ہندستانی حاجیوں کی تعداد اب 100 سے تجوز کرگئی ہے ۔ ہلاک ہونے والوں کی مزید نشاندہی کے حوالے سے یہ اطلاع وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹ کی ہے ۔ ان کے بموجب 32 ہندستانی حاجیوں کا اب بھی کوئی پتہ نہیں۔محترمہ سوراج نے ٹوئٹر پر کہاہے کہ جاں بحق ہندوستانی حاجیوں کی تعداد اب 101 ہو گئی ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے قبل ازیں کہا تھا کہ وزیر خارجہ وزیر وی کے سنگھ رمی جمرات سانحہ کے بعد سے مستقل لا پتہ ہندوستانی حاجیوں کا پتہ چلانے کے سلسلے میں سعودی عرب میں موجود ہیں۔مسٹر سنگھ کو سعودی وزیر صحت نے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حج میں رمی جمرات کے مرحلے میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی تھی جب حاجیوں کی دو بڑی قطاریں مبینہ طور پر ایک دوسرے کے سامنے آ گئی تھیں۔ یہ سانحہ منی میں پانچ منزلہ جمرات پل کے پاس شیطان کو کنکریاں مارنے کی رسم کے دوران گزرا تھا۔ اس سال کی حج کے فریضے کی ادائیگی کے دوران رمی جمرات بھگدڑ دوسری بڑاجان لیوا واقعہ تھا۔ قبل ازیں 11 ستمبر کو مکہ مکرمہ میں مسجد حرام کے احاطے میں تعمیر کے کام میں لگی ایک کرین کے ایکدم سے آن گر نے سے اس کی زد میں آکر 100 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے تھے ۔اس افسوسناک حادثے میں بھی گیارہ ہندستانی عازمیں حج جاں بحق ہوئے تھے ۔اس دوران فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد ہندستانی حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے ۔ یہ سلسلہ رواں مہینے کے وسط تک جاری رہ سکتا ہے ۔