کانپور(نامہ نگار) مرکزی حج کمیٹی کے سابق رکن و حج سیواکمیٹی کے قومی صدر حافظ نوشاد اعظمی نے بتایاکہ حج کمیٹی آف انڈیا اور وزارت خارجہ نے ابھی تک قربانی سے متعلق متنازعہ فیصلہ واپس نہیں لیاہے ۔ اس فیصلے کو واپس کرانے کیلئے ۷؍مئی کو جنتر منتر دہلی میں مظاہرہ کیاجائے گا ۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی اور وزارت خارجہ نے یہ فیصلہ کیاہے کہ حج کمیٹی کے ذریعہ جانے والے زائرین کی طرف سے کی جانے والی قربانی کاانتظام حج کمیٹی کے ذریعہ کیاجائے گا ۔ اس فیصلے کے خلاف مفتیان دیوبند نے یہ فتویٰ دیاہے کہ حج کمیٹی کا فیصلہ غیر شرعی ہے ۔ دوسری طرف الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور نے بھی متنازعہ فیصلے کو غیرشرعی قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔ لیکن حج کمیٹی اوروزارت خارجہ نے متنازعہ فیصلے کوواپس نہیں لیا ۔انہوںنے کہا کہ فیصلے کو واپس کرانے کیلئے مرکزی حکومت کے خلاف جدوجہد کی جائے گی ۔ اسی سلسلے میں ۷؍مئی کو جنتر منتر دہلی میں مظاہرہ کیاجائے گا ۔ پریس کانفرنس کے دوران مولاناحسیب اختر ،شہر قاضی عالم رضا نوری ،حاجی ابرار احمد اور عزیزالرحمٰن موجودتھے ۔