لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ریاست کے وزیر صحت احمد حسن نے جمعرات کو مولانا علی میاں میموریل حج ہاؤس پہنچ کر عازمین حج سے ملاقات کی اور ریاست کی ترقی کیلئے دعا کی درخواست کی۔ مسٹر حسن حج ہاؤس میں سفر حج پر جا رہے اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے پہنچے تھے۔ انہوں نے حج ہاؤس کے انتظامات کی بھی معلومات حاصل کی۔
سفر حج کے دوسرے دن جمرات کو دو پروازوں سے ۶۹۸ عازمین مدینہ کیلئے روانہ ہوئے۔ پہلی پرواز دن گیارہ بجکر پچاس منٹ پر ۳۴۸ عازمین کو لیکر مدینہ کیلئے روانہ ہوئی اور دوسری پرواز رات ۸ بجکر بیس منٹ پر ۳۵۰ عازمین کے ساتھ روانہ ہوئی۔ ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر سلطان احمد نے بتایا کہ دہلی اور لکھنؤ سے کل ملاکر ریاست کے ۲۸۹۷ عازمین حج روانہ ہو چکے ہی
ں، جمعرات کو حج ہاؤس میں ایئرلائنس کے کاؤنٹر پر عازمین حج کی کثیر تعداد نظر آئی۔ عازمین حج نے کاؤنٹر پر پہنچ کر اپنی بکنگ کرائی اور ضروری کارروائی مکمل کی۔حج کیلئے جا رہے عازمین نے حج ہاؤس میں اپنا زیادہ تر وقت عبادت میں گزارا۔ حج ہاؤس میں واقع مسجد ظہر اور عصر کی نماز کے وقت بھری رہی، ہال میں خواتین نے نماز ادا کی اور دعاؤں کو پڑھ کر اپنا وقت گزارا۔ حج ہاؤس کے باہر اپنے رشتہ داروں کو روانہ کرنے آئے لوگوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ لوگوں نے حج پر جارہے اپنے رشتہ داروں کو گلے لگاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر عازمین حج کے رشتہ داروں کی آنکھیں نم ہو گئیں تو عازمین بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
انتظاری فہرست کے ۲۵۸۶ تک کے درخواست دہندگان منتخب:- انتظاری فہرست کے ۲۴۵۶ سے ۲۵۸۶ تک کے ۱۲۹؍ عازمین حج کا انتخاب حج کمیٹی آف انڈیا نے کر لیا ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر سلطان احمد نے بتایا کہ انتظاری فہرست کے منتخب عازمین کے کور ہیڈ کے موبائل نمبر پر ایس ایم ایس سے اطلاع دی گئی ہے۔ انتظاری فہرست کے درخواست دہندگان امبارکیشن وار سفر حج کی پوری رقم حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی کے کھاتے میں جلد جمع کریں۔ رقم جمع کرنے کے بعد اس کی رسید،پاسپورٹ اور ایک رنگین فوٹو فوراً کمیٹی کے دفتر میں جمع کریں۔
انتظاری فہرست نمبر ۲۵۸۷ سے ۲۸۲۷ تک کے درخواست دہندگان اپنے پاسپورٹ اور ایک رنگین فوٹو ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرائیں۔ عازمین حج کے ممکنہ منسوخی کے سبب انتظاری فہرست کے درخواست دہندگان کو حج کا موقع دیا جائے گا۔ پاسپورٹ جمع کرنے کیلئے حج کمیٹی کی ویب سائٹ www.uphajcommittee.com پر دستیاب انڈرٹیکنگ فارم بھرنا ہوگا۔ بغیر انڈر ٹیکنگ فارم کے انتظاری فہرست کے درخواست دہندگان کا پاسپورٹ منظور نہیں کیا جائے گا۔