نئی دہلی، 23 فروری (یو این آئی) رواں برس سفر حج پر جانے کے خواہش مند عازمین کے لئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 فروری سے 2 مارچ کردی گئی ہے ، وہیں دہلی حج کمیٹی کے دفتر میں اب تک 7289 درخواستیں آچکی ہیں۔دہلی حج کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر پرویز میاں نے آج یہاں یو این آئی کو بتایا کہ آئندہ 23 مارچ کو تالکٹورہ اسٹیڈیم میں عازمین کی درخواستوں کی قرعہ اندازی کا پروگرام ہے جس میں عازمیں حج کی درخواستوں کو منظوری دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں حرم شریف کی توسیع اور عازمین کی سہولت کے لئے جاری دیگر تعمیراتی کام کی وجہ سے سعودی حکومت نے گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال عازمین حج کے کوٹے میں 20 فی صد کی کمی کردی ہے ۔ گزشتہ برس دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کا مجموعی کوٹہ 1297 عازمین
کا تھا، جس میں اس سال 20 فی صد کی کمی کردی گئی ہے ۔
ڈاکٹر پرویز میاں نے بتایا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس سال ریزرو عازمین کے درمیان ہی قرعہ اندازی ہوپائے گی کیونکہ رواں برس ریزرو کوٹے کے لوگوں کی اب تک 1107 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں دہلی کے باشندے کوٹے سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس لئے اس بار جنرل کوٹے سے داخل کردہ درخواستوں کا شاید قرعہ اندازی میں نمبر ہی نہ آسکے ۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی رہنما ہدایات کے مطابق سفر حج کے لئے قرعہ اندازی میں چار برس تک ناکام رہنے والے اور 70 برس سے زائد عمر کے عازمین کو ریزرو کوٹے کے زمرے میں رکھاجاتا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی 70 برس سے زائد عمر سے عازمین کے ساتھ ان کے ایک معاون کا بھی جانا لازمی ہوجاتا ہے ۔ا س لحاظ سے ریزرو کوٹے کی درخواست میں مزید اضافہ ہوگا۔دہلی حج کمیٹی کے چیرمین نے بتایا کہ آسام، بہار، مغربی بنگال اور جھارکھنڈ جیسی ریاستوں میں مقررہ کوٹے سے کم درخواستیں موصول کرنے کی آخری تاریخ میں 2 مارچ تک کی توسیع کی گئی ہے تاکہ جو لوگ اب تک درخواست داخل نہیں کرسکے ہیں وہ اس سے استفادہ کرسکیں۔
ڈاکٹر پرویز میاں نے بتایا کہ گذشتہ برس دہلی اسٹیٹ کا مقررہ کوٹہ 12907 کا تھا لیکن دہلی سے سفر حج کیلئے 1400 عازمین گئے تھے ۔خیال رہے کہ کئی ریاستوں میں کوٹے سے کم درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں باقیماندہ سیٹیں ملک کی تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کے درمیان تقسیم کردی جاتی ہیں جس میں آبادی کے تناسب کا خیال رکھا جاتا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سفر حج پر بھیجے جانے کے لئے صدر جمہوریہ کے پاس 100 سیٹیں ، نائب صدر کے پاس 75 سیٹیں ، وزیراعظم کے پاس 75 سیٹیں، ہزیر خارجہ کے پاس 50 سیٹیں اور حج کمیٹی آف انڈیا کے پاس ہر سال 200 سیٹیں ریزرو ہوتی ہیں جو اپنے خصوصی اختیارات کے تحت یہ سیٹیں الاٹ کرتے ہیں۔اسی طرح سپریم کورٹ کی رہنما ہدایات کے مطابق خواتین کے محرم کیلئے 200 سیٹیں ریزرو ہوتی ہیں۔گذشتہ برس ہندستانی عازمین کا مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 25 ہزار تھا جس میں اس سال 20 فیصد کٹوتی کردی گئی ہے ۔