ماسکو: روس کا کہنا ہے کہ شیعہ مسلم گروپ حزب اللہ دہشت گرد تنظیم نہیں ہے ۔
روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے آج ایک نیوز ایجنسی کو دئے گئے انٹرویو میں کہاکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ حزب اللہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے لیکن ہم اسے دہشت گرد تنظیم نہیں مانتے کیونکہ ہم ان لوگوں کے ساتھ رابطہ اور تعلقات بنائے ہوئے ہیں۔مسٹر بوگدانوف نے کہاکہ انہوں نے روسی علاقہ میں کبھی بھی حملہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کسی بھی دہشت گردانہ حملے کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ حزب اللہ کو لبنان کے عوام نے منتخب کر کے پارلیمنٹ بھیجا ہے ۔ یہ ایک قانونی سماجی و سیاسی طاقت ہے ۔خیال ر ہے کہ حزب اللہ کے لڑاکوں نے شام میں جاری لڑائی میں صدر بشار الاسد کی حمایت میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ امریکہ اور یوروپی یونین کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات ہیں۔