لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ حسن گنج پولیس نے جمعرات کی شام مدح گنج میں چل رہے ایک سیکس ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے موقع سے تین لڑکوں اور دولڑکیوں کو پکڑا جس میں سے تیسری لڑکی پولیس کی گرفت سے فرار ہو گئی ۔پوچھ گچھ کرنے کیلئے پولیس ان لوگوں کو تھانہ لیکر آئی۔ پولیس نے موقع سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے۔ پولیس سیکس ریکیٹ چلانے والی خاتون کو تلاش کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس معاملہ میں ایک خاتون کارپوریٹر کا بھی نام آرہا ہے جبکہ انسپکٹر حسن گنج نے ایسی کسی واردات کی تردید کی ہے۔
مدح گنج واقع شیو نگر کھدرا میں بڑی پکریا کے نزدیک واقع ایک مکان میں کئی ماہ سے جسم فروشی کا دھندا چل رہا تھا۔ مقامی لوگوںکا الزام ہے کہ کئی مرتبہ پولیس کو مطلع کیا گیا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ جمعرات کو دیر شب اچانک مقامی لوگوں نے متحد ہوکر مکان پر حملہ بول دیا۔ مکان ارمیلا دیوی کا بتایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے موقع سے کئی قابل اعتراض چیزیں بھی برآمد کر کے پولیس کو سونپ دیں۔ موقع سے پکڑے گئے لڑکوں کی شناخت ناطق ،شاداب اور ایک دیگر کی شکل میں ہوئی ہے۔ پولیس ابھی یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ جسم فروشی کا دھندا چلانے والی عورت کون ہے اور لڑکیاں کہاں سے بلائی گئی تھیں ۔ معاملہ میں مقامی لوگوں نے پولیس سے ساز باز کا الزام بھی لگایا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ ایک لڑکی ننگے پیر ہی سڑک کی جانب بھاگی ۔ وہیں دیگر کو مقامی لوگوں نے گھیر لیا اور سب کی جم کر پٹائی کی۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ سیکس ریکیٹ ایک مقامی خاتون کارپوریٹر کی زیر سرپرستی چل رہا تھا حالانکہ ایس او حسن گنج دھیرج سنگھ اس معاملہ میں کچھ بھی بولنے سے انکار کر رہے ہیں۔