حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن اور محافل کا سلسلہ جاری ہے۔-
یکم ذی القعدہ فرزند رسول، ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی دختر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت با سعادت کی تاریخ ہے- حضرت فاطمہ معصومہ (س) یکم ذیقعدہ سنہ ایک سو تہتّر ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں پیدا ہوئیں۔ آپ کی آفاقی شخصیت، بے پناہ فضائل و کمالات کا مظہر تھی-
آپ کی ولادت کی مناسبت سے ایران کے مقدس شہر قم میں واقع آپ کے روضہ اقدس میں بھی جشن کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں آپ کے متوالے اور شیدائی آپ (س) کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں-
شہر قم میں دکانوں، امام بارگاہوں اور مسجدوں نیز مذہبی مقامات و مراکز میں چراغاں کیا گیا ہے جبکہ اہلبیت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے شیدائی، جگہ جگہ لوگوں میں شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر کے اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں-
حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سے، مسجد جمکران، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات پر محفل میلاد و قصیدہ خوانی کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں کثیر تعداد میں مکتب اہل بیت عصمت و طہارت کے پیروکار شریک ہیں-
حضرت بی بی معصومہ (س) کی ولادت با سعادت کے ساتھ ہی ایران بھر میں عشرہ کرامت کا بھی آغازہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ یکم ذیقعدہ کو حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام کی اور گیارہ ذیقعدہ کو حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی تھی اسی کے پیش نظر اسلامی جمہوریہ ایران میں یکم ذیقعدہ سے گیارہ ذیعقدہ تک کے ایام عشرہ کرامت کے نام سے منائے جاتے ہیں۔
فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے سحر عالمی نیٹ ورک اہلبیت عصمت و طہارت کے تمام چاہنے والوں کو تہ دل سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے-