دبئی:شام کے حلب میں سرکاری فوج کے طیاروں کے اسپتال پرکئے گئے حملے میں 16 افراد کی موت ہو گئی۔ ملبے کے نیچے ابھی مزید لوگوں کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے ۔اس درمیان اقوام متحدہ نے وارننگ دی ہے کہ شام میں لڑائی جاری رہنے کی وجہ سے وہاں فروری سے نافذجنگ بندی ٹوٹ سکتی ہے ۔بدھ کی شام کو حلب کے الکائس کے قبضہ والے اسپتال پر حملے میں 16 لوگ مارے گئے جن میں طبی عملہ کے افراد کے علاوہ دیگر لوگ بھی شامل ہیں۔ حملے سے اسپتال کے ڈاکٹر وسیم مان کی بھی موت ہو گئی ہے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ راحت اور بچاو عملہ اسپتال کی تباہ شدہ عمارت کے ملبہ سے لاشوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے ۔ٹیلی ویژن تصاویر میں اسپتال پر حملے میں ہلاک لوگوں کی لاشیں دکھائی گئی ہیں ان میں سے کئی لاشیں جلی ہوئی ہیں۔ حلب شہر پر سرکاری طیاروں کے جمعہ سے کئے گئے حملوں میں اب تک 100 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔حلب کی لڑائی میں منگل کو 35 افراد مارے گئے تھے جن میں 8 بچے بھی شامل تھے ۔