دمشق: شام کے شمالی شہر حلب میں صدر بشارالاسد کی وفادار فوج نے گزشتہ روز ایک رہائشی علاقے پر تباہ کن بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے کہا ہے کہ ‘سرکاری فوج نے حلب میں باغی جنگجوؤں کے زیر قبضہ علاقے الشعار پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے متعدد میزائل داغے ہیں’۔
میزائلوں کے اس حملے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں اور بیسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ حلب 2012 میں باغیوں اور شامی فوج کے درمیان لڑائی چھڑنے کے بعد سے دو حصوں میں منقسم ہے۔ شہر کے مغربی حصے پر سرکاری فوج کا قبضہ ہے اور مشرقی حصے پر باغی گروپ قابض ہیں۔