نئی دہلی: مانسون اجلاس کے آغازسے ہی راجیہ سبھا میں جاری تعطل کے سلسلے میں آج حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے مابین الزام اور جوابی الزام کا دور چلا جس کے سبب راجیہ سبھا کی کارروائی کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔
حزب اقتدار نے اپوزیشن پر الزام لگایا کہ اس کا مقصد صرف ہنگامہ کرنا ہے جبکہ اپوزیشن نے کہا کہ حکومت نے کبھی درمیان کا راستہ نکالنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔
فریقین کی جانب سے ایوان میں ایک دوسرے کو تعطل کا ذمہ دار قرار دینے پر ڈپٹی چئرمین پی جے کورئین نے کہا کہ حکمراں جماعت اور اپوزیشن اب بھی مل بیٹھ کر درمیان کا راستہ نکال سکتے ہیں۔
راجیہ سبھا میں مانسون اجلاس کے چوتھے اور آخری ہفتے کے پہلے دن آج بھی ہنگامے کے سبب کام کاج نہ ہوسکا اور دو بار کے التوا کے بعد کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ حالانکہ ہنگامہ کے دوران ہی ایوان نے موٹر گاڑی (ترمیمی) بل 2014 واپس لیا اور ریلوے وزیر سریش پربھو نے ریلوے کیلئے مطالبات زر سے متعلق تجویز ایوان میں پیش کی۔