لکھنؤ ۔محکمہ ڈاک کی طرف سے دوشنبہ کو ایکسپریس پارسل اور بزنس پارسل خدمات شروع کی گئیں ہیں جس کا آغاز حضرت گنج جی پی او میں چیف پوسٹ ماسٹر اشوک ترپاٹھی نے کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر وویک کمار دکش ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی وی ترپاٹھی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر گنگا پرساد ،ڈپٹی چیف پوسٹ ماسٹر لکشمی نارائن وغیرہ بھی موجود تھے ۔ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل اترپردیش استوش ترپاٹھی نے بتایا کہ بدلتی ہوئی ضرورتوں کے مد نظر یہ خدمات شروع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارسل کو تیزی سے پہونچانے کیلئے ہوائی جہاز اور دیگر تیز رفتاروسائل وذرائع کا استعمال کیاجائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ جی پی او میں کارپوریٹ اور عام صارفین کے ایکسپریس پارسل اور بزنس پارسل بک کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ لکھنؤ کے ۱۴ ڈاک خانوں میں بھی صارفین یہ پارسل بک کراسکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ خدمات کیلئے وصول کی جانے والی رقم مقامی ، ریاستی ، بین ریاستی اور میٹرو شہروں کیلئے الگ الگ مقرر کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ۵۰۰ گرام کا پارسل لکھنؤ کیلئے ۳۰ روپئے ، این سی آر دہلی غازی آباد ، نوائیڈا کیلئے ۴۰ روپئے مقرر کئے گئے ہیں ۔ ان خدمات کے تحت زیادہ سے زیادہ بیس کلو تک کا پارسل بک کیا جاسکتا ہے ۔