لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ پارٹی سرکار اور عوام کے درمیان پل کا کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم سے حکومت بنتی ہے ۔ تنظیم کا کردار اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی امید سماج وادی پارٹی سے جڑی ہوئی ہے۔
لوگ سماج وادی پارٹی کو کسان اور غریبوں کی پارٹی کو مانتے ہیں۔ لوگوں کو یقین ہے کہ سماج وادی پارٹی ہی فرقہ پرست طاقتوںکو منھ توڑ جواب دے گی اور انہیں شکست دے گی۔ سماج وادی پارٹی کی نو تشکیل ریاستی مجلس عاملہ کے جلسہ میں مسٹر یادو نے پارٹی لیڈروں سے کہاکہ سماجوادیوں کی جدو جہد کی تاریخ رہی ہے۔سماج وادی عوامی مدعوں کے سہارے آگے بڑھ رہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کی پہچان غریبوں کی حمایت میں نا انصافی کے خلاف کھڑی ہونے والی ہے۔ انہوں نے لیڈروں سے کہا کہ بی جے پی سے ہوشیار رہیں، عوام کے درمیان جاکر اس کے جھوٹ کو اجاگر کریں۔
عوام کے درمیان بی جے پی جھوٹے وعدوں کی قلعی کھلنے لگی ہے۔ لوگوں کو محسوس ہو رہا ہے کہ انہیں دھوکہ دیا گیا ہے۔ ملائم سنگھ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بہت سے اچھے کام کئے ہیں جسے عوام تک پہنچانا پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ پارٹی کے کچھ لوگوں کے غلط برتاؤ کے سبب سرکار کی شبیہ خراب ہوتی ہے۔ لیڈر اپنے اخلاق اور برتاؤ پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جس کی شبیہ اچھی ہوگی آنے والے دنوں میں وہی انتخاب جیت پائے گا۔ جلسہ میں وزیر اعلیٰ اور ریاستی صدر اکھلیش یادو ، قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو، ماتا پرساد پانڈے، نائب صدر نریش اتم، جنرل سکریٹری اروند سنگھ گوپ، سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری، ایس آر ایس یادو سمیت ریاستی مجلس عاملہ کے سکریٹری اور اراکین موجود تھے۔