لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ریاستی حکومت کی جانب سے میٹرو کو دیئے گئے بجٹ کو معقول بتاتے ہوئے لکھنؤ میٹرو کارپوریشن کے ایم ڈی کمار کیشو نے کہاکہ میٹرو کا کام مسلسل تیز رفتاری سے چل رہا ہے۔ ریاستی حکومت اور ہم لوگ بھی اپنی سطح سے پی آئی بی میں منظوری کیلئے کوشاں ہیں۔
پی آئی بی میں منظوری ملتے ہی قرض لینے کا راستہ صاف ہو جائے گا ساتھ ہی مرکزی حکومت سے بھی بجٹ مل جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ ریاستی حکومت سے ملے ۴۲۵ کروڑ روپئے کے بجٹ سے رولنگ اسٹاک و سگنلنگ کا ٹنڈر ہوجائے گا، ٹنڈر اٹھارہ مارچ کو ہوگا۔ اس درمیان میٹرو کے ڈائریکٹر دلجیت سنگھ نے کہاکہ میٹرو کیلئے اب تک ۵۷۷ پائل اور ۲۸ پائل کیپ بن چکے ہیں۔
کانپورمیں میٹرو کیلئے ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت:- راجدھانی لکھنؤ میں میٹرو کا کام شروع ہونے کے بعد ریاستی حکومت کانپور، میرٹھ،آگرہ اور وارانسی شہروں میں میٹرو ریل چلانے کیلئے ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت نے اس کیلئے لکھنؤ میٹرو کارپوریشن کو ڈی پی آر بنانے کیلئے کہا ہے۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی دیگر شہروں میں بھی میٹرو کے سلسلہ میں سرگرمی کو دیکھتے ہوئے لکھنؤ میٹرو کے افسر کانپور ، میرٹھ کا دورہ کر چکے ہیں اب وارانسی جانے والے ہیں اس درمیان لکھنؤ میٹرو کے افسران نے کانپور کے میٹرو کا ڈی پی آر بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
لکھنؤ میٹرو کارپوریشن چک گنجریا فارم میں حکومت سے ملی تقریباً ۱۵۰؍ایکڑ زمین کی خود آبادکاری کرے گا۔ حالانکہ میٹرو کارپوریشن کے ایم ڈی کمار کیشو نے کہا کہ کارپوریشن کا ہدف لکھنؤ میں میٹرو ریل کا کام وقت سے مکمل کرنا ہے۔ چک گنجریا زمین کے سلسلہ میں انہوں نے کہاکہ یہ آئندہ کا پروجیکٹ ہے ابھی ہمارا ہدف میٹرو کے کام کو پورا کرنا ہے۔
مارچ میں نئے دفتر میں منتقل ہونے کی تیاری:- گومتی نگر میں میٹرو ریل کارپوریشن کے دفتر کی تزئین کاری کا کام شروع ہو گیا ہے۔ گومتی نگر میں سماجک پریورتن استھل کے سامنے میٹرو کا دفتر منتقل کرنے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ میٹرو کا دفتر ابھی جن پتھ میں ہے۔ میٹرو کے ایم ڈی نے بتایا کہ نئے دفتر ہیں اٹھائیس مارچ تک منتقل ہونے کی کوشش کی جائے گی۔