لکھنؤ: ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود ریاست کے سابق وزیر رام ویر اپادھیائے کو سلامتی دستہ نہ مہیا کرائے جانے کے سلسلہ میں ہتک عزت کیلئے داخل عرضی پر لکھنؤ بنچ کے جسٹس اجے لامبا نے حکومت پر دس ہزار روپئے کا ہرجانہ لگایا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم نامہ میں کہا ہے کہ اس کے احکامات پر عمل آوری نہ کرنے کی صورت میںپرنسپل سکریٹری برائے داخلہ بذات خود بنچ کے سامنے حاضرہوں۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے سابق وزیر رام ویر اپادھیائے کو سلامتی دستہ مہیاکرانے کا حکم دیا تھا مگر ریاستی حکومت نے اس پر عمل نہیں کیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت کیلئے ۶؍جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے۔