لکھنو، 15 مئی (یو این آئی) قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت کے ایک برس مکمل ہونے پر آئندہ 25 مئی کو وزیراعظم نریندر مودی متھرا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریلی میں اپنی حکومت کی کامیابیوں کا اظہار کرسکتے ہیں۔ اس ریلی میں مسٹر مودی اپنے غیر ملکی دورے کی وجہ سے بیرونی ممالک میں ہندستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی تفصیلات بتاسکتے ہیں وہ خاص طور پر چین کے دورے کا ذکر کرسکتے ہیں۔پارٹی کے ذرائع کے مطابق بی جے پی کے لئے قابل تقلید سمجھے جانے والے پنڈت دین دیال اپادھیائے کی جائے پیدائش متھرا کے نگلا چندر بھان میں مجوزہ ریلی میں مسٹر مودی کے ساتھ پارٹی کے دیگر سینیئر لیڈر بھی شرکت کریں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی مصروفیت کی وجہ سے ریلی کا وقت ایک دو دن آگے یا پیچھے کیا جاسکتا ہے ۔پارٹی کے ریاستی
ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے وزیر اعظم کے ریلی میں آنے کے پروگرام کی تصدیق تو نہیں کی البتہ کہا کہ دین اپادھیائے کو پارٹی ہمیشہ ہی اپنے لئے قابل تقلید مانتی ہے ۔ یہ ریلی ان کی جائے پیدائش پر ہوگی جس میں مودی حکومت کی کامیابیوں سے عوام کو واقف کردینے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے رویے کا بھی ذکر کیا جائے گا۔ اس موقع پر پارٹی کئی پروگراموں کا اعلان کرسکتی ہے ۔انہوں نے نے بتایا کہ کہ 25مئی کے بعد تقریبا 250ریلیوں کا اہتمام کیا جاسکتا ہے ۔ ان ریلیوں کو پارٹی کے سینئرلیڈر خطاب کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ جس علاقے میں یہ ریلی ہوگی، وہاں اگر پارٹی کا ممبر پارلیمنٹ ہوگا تو وہاں اس کا رہنا ضروری ہوگا۔