کراچی: تاجروں نے حکومت کو ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کیلئے دس اکتوبر کی ڈیڈ لائن دے دی۔ کہتے ہیں ٹیکس واپس نہ ہوا تو دما دم مست قلندر ہو گا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر خالد پرویز نے لاہور میں پاکستان بھر سے آئے تاجر راہنماوں کے ہمراہ پریس کانفریس میں بتایا کہ اگر حکومت نے دس اکتوبر تک ودھولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیا تو پھر وہ غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال پر جائیں گے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے آج انہیں فون پر یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تاجروں کے وکیل بن کر وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مسلے کے حل کیلئے بات کریں گے۔ خالد پرویز کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پہلے بھی تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرتے رہے ہیں اور تاجروں کو ان پر پورا اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جلد ہی تاجر برادری خوشخبری سنے گی۔