لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ اترپردیش ملک کی ایسی پہلی ریاست ہوگی جس کی راجدھا
نی ملک کی راجدھانی سے براہ راست ایکسپریس وے کے ذریعہ منسلک ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے آگرہ- لکھنؤ ایکسپریس وے کو ملک کا سب سے بڑا ایکسپریس وے بتاتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت اعلیٰ سطحی سڑکیں، صحت اور طب ، تعلیم، آبپاشی کے ساتھ ساتھ بجلی نظام بہتر کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ آج یہاں گومتی نگر واقع ڈاکٹر لوہیا پارک میں سماج وادی مفکر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے یوم پیدائش پر منعقد تقریب کو خطاب کرتے ہوئے انہوںنے سماج وادی کارکنوں کو سماج واد سے متعلق لٹریچر کا مطالعہ کرتے رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس سے جہاں سماج واد کے سلسلہ میں کارکنوں کے نظریہ میں تبدیلی آئے گی وہیں پارٹی کے نظریات کو بھی مضبوطی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اپنے ترقیاتی کاموں اور بہبود کاری اسکیموں کی اطلاع موبائل ایپ کے ذریعہ دور دراز کے علاقوں میں عوام تک پہنچانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ سماج وادی اصولوں کی تشہیر پڑوسی ریاستوں میں بھی کرتے ہوئے اس کے دائرے میں اضافہ کیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے محکمہ اطلاعات کی جانب سے شائع ’پورے ہوئے وعدے- اب ہیں نئے ارادے‘ اور ایک دیگر کتاب ای-بک ، ای- سماجوادی کا اجراء بھی کیا۔ تقریب میں وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو، رکن پارلیمنٹ جیا بچن، رکن اسمبلی سیدہ شاداب فاطمہ اور رنجنا باجپئی وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کی نظامت ریاستی وزیر مملکت برائے دیہی ترقیات (آزاد چارج) اروند کمار سنگھ گوپ نے کی۔