نئی دہلی:پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ دادری اور ممتاز مصنف و ادیب مسٹر کلبرگ¸ کے قتل جیسے واقعات تشویشناک ہیں اور حکومت یا بھارتیہ جنتا پارٹی کا ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی حکومت کسی پر اپنے خیالات مسلط کرناچاہتی ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے کل سے شروع ہو رہے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے پہلے بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں مختلف جماعتوں کے رہنما¶ں سے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں پیش آئے واقعات تشویشناک ہیں لیکن حکومت یا پارٹی کا ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی ہم کسی پر کوئی خیال مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جانتی ہے کہ ترقی اور خوشحالی کے لئے امن اور بھائی چارے کا ماحول ضروری ہے اور وہ اس کے لئے مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ملک میں عدم برداشت میں اضافہ ہوا ہے ۔ حکومت اسے درست نہیں مانتی۔ لیکن اگر اپوزیشن چاہے تو حکومت اس اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے تمام جماعتوں کے رہنما¶ں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی کارروائی چلانے میں تعاون کریں اور اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لئے ضروری بلوں کو پاس کرانے میں تعاون کریں۔