لکھنو: عالم باغ علاقے میںرہنے والے بچت ڈائرکٹوریٹ میں تعینات سینئر معاون کی بیوی نے دوشنبہ کی دوپہر گھر میں خود کو نذر آتش کرلیا۔خاتون نے خود کشی کیوں کی فی الحال اس بات کا پتہ نہیںچل سکا ہے ۔
انسپکٹر عالم باغ وکاس پانڈے نے بتایاکہ چھوٹا برہا شانتی نگر علاقے میں قومی بچت ڈائرکٹوریٹ میںتعینات سینئر معاون کرپاشنکر اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں ۔ بتایاجاتاہے کہ دوشنبہ کی دوپہر کرپا شنکر ڈیوٹی پر چلے گئے ۔ جبکہ بچے اپنے اپنے کام پر چلے گئے ۔ گھر میں ان کی بیوی ۴۶ سالہ شانتی شرما تنہا تھی ۔ اس درمیان پوسٹ مین کچھ سامان لیکر گھر پہنچا ۔دروازہ کھٹکھٹانے پر بھی اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔اس درمیان پڑوس میںرہنے والے کرپا شنکر کے بھائی اور دیگر لوگ وہاں پہنچ گئے ۔
کچھ لوگ جب چھت کے راستے گھر کے اندر پہنچے تو دیکھا گھر کے اندر دھواں ہی دھواں ہے۔ کرپاشنکر کی بیوی شانتی شرما کی جلی ہوئی لاش پڑی تھی ۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر عالم باغ پولیس بھی پہنچ گئی ۔ پولیس نے تفتیش کے بعد شانتی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ۔ موقع سے پولیس کو مٹی کے تیل کی ایک بوتل بھی ملی ہے ۔ شانتی کے دوبیٹیاں اور دوبیٹے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ ان کی ایک بیٹی کی شادی ۲۰۱۲ میں ہوئی تھی ۔ شادی کے بعد سے بیٹی اور داماد کے درمیان کشیدگی ہوگئی تھی ۔ اور بیٹی مائکے میں رہ رہی ہے ۔ امید ہے کہ اسی کشیدگی کے سبب شانتی نے خودکشی کی ہے۔