لکھنؤ(نامہ نگار)کاکوری علاقہ میں کسان کی بیوی کو اس کے شوہر اور سسرال والوں نے مٹی کا تیل ڈال کر زندہ جلادیا۔ اس معاملہ میں متوفیہ کے والد نے اس کے شوہر ، خسر، نند اور ساس کے خلاف جہیز استحصال اور قتل کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ فی الحال پولیس قتل کی اس واردات کو خودکشی بتا رہی ہے۔ایس پی دیہات سومتر یادو نے بتایا کہ کاکوری منڈولی کے رہنے والی ۲۸سالہ سیما کی شادی دس سال قبل کرگھن گاؤں کے رہنے والے کسان ستیندر سے ہوئی تھی۔ دونوں کے ۸سال کا ایک بیٹا بھی ہے۔ سیما کے والد کا الزام ہے کہ سنیچر کی دوپہر سیما کو اس کے شوہر اور سسرال والوں نے مٹی کا تیل ڈال کر زندہ جلا دیا۔ آگ سے شدید طور سے جھلسی سیما کو اس کے سسرال والوں نے علاج کیلئے ٹراماسینٹر میں داخل کرایا جہاں دوران علاج سیما کی موت ہو گئی۔ سیما کی موت کی خبر ملتے ہی سیما کے میکے والے بھی پہنچ گئے۔ وہیں تفتیش کے بعد پولیس نے سیما کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔
سیما کے والد نے اس معاملہ میں اس کے شوہر ستیندر، خسر رام گوپال، نند پشپا اور ساس کے خلاف جہیز استحصال او قتل کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ وہیں ملزم سسرال والوں کا کہنا ہے کہ سنیچر کی دوپہر سیما کھانا پکاتے وقت جل گئی تھی اس حادثہ میں گھر میں لگا پردا بھی جل گیا تھا وہیں پولیس نے قتل کی رپورٹ تو درج کر لی ہے لیکن سیما کی موت کو خودکشی تسلیم کر رہی ہے۔