گورکھپور (نامہ نگار)بڑہل گنج علاقہ کے کلیان پور کی رہنے والی ایک خاتون کو بینک میں فریب دیکر جلعساز ۲۴ہزار سے زائد روپئے لیکر فرار ہوگئے۔خاتون کی اطلاع پر موقع پر پہنچ کر پولیس نے
بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فٹیج کی بنیاد پر جانچ شروع کردی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق کلیان پور کے باشندے میتھلی شرن اوجھا نے پٹنہ چوراہے پر واقع یونین بینک کی شاخ سے ۴۲ہزار روپئے نکالے۔ اس رقم میں سے وہ پچیس ہزار روپئے کے ایک ایک ہزار کے نوٹ لینے کی کوشش کررہے تھے۔ میتھلی شرن کیشیئر کے پاس پہنچے لیکن کیشیئر نے ایک ہزار نوٹ نہ ہونے کا حوالہ دیا۔ اسی دوران ان کے پیچھے کھڑے ہوئے شخص نے کہا کہ اس کے پاس ایک ایک ہزار کے نوٹ ہیں۔ جعلساز میتھلی شرن سے روپئے لیکر انہیں گننے لگا۔ نوٹ گنتے ہوئے پانچ سو روپئے کا ایک نوٹ خراب حالت میں ملا۔ جعلساز نے میتھلی شرن سے کیشیئر کے پاس جاکر نوٹ بدلوانے کے لئے کہا ۔ میتھلی شرن نوٹ لیکر کیشئر کے پاس پہنچا اسی دوران موقع دیکھ کر جعلساز چوبیس ہزار پانچ سوروپئے لیکر فرار ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فٹیج کو دیکھا۔ فٹیج میں ایک شخص مشتبہ دکھائی دے رہاتھا۔ خاتون نے تھانہ میں تحریر دے دی ہے۔ پولیس فٹیج کی بنیاد پر تفتیش کررہی ہے۔