لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اٹونجہ کی رہنے والی ایک خاتون کی زمین کو کچھ جعلسازوںنے فرضی دستاویز تیارکرکے اپنے نام کرا لیا۔ اس معاملہ میں اٹونجہ تھانہ میں ملزمین کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ پولیس نے جعلسازی کے اس معاملہ میں آج دو ملزم خواتین کو گرفتار کیا ہے۔ ایس پی دیہات حبیب الحسن نے بتایا کہ اٹونجہ کے ڈوٹے پوروا گاؤں کی رہنے والی پھولا کی پرسیا پرگنا مہنہ میں کچھ زمین ہے۔ پھولانے تین جنوری کوکچھ زمین بی کے ٹی کے رہنے والے جگدیش کو فروخت کر دی تھی۔ اس کے بعد اکیس جنوری کو اٹونجہ کے رہنے والے رمیش چندر، کاکوری کے
شیو بالک، بی کے ٹی کے ونود کمار اور منصور نے ایک فرضی خاتون کو پھولا بناکر اس کی زمین اپنے نام کرا لی۔ اس بات کا پتہ جب پھولا کو ہوا تو اس نے سات جون کو ملزمین کے خلاف اٹونجہ تھانہ میں نامزد رپورٹ درج کرائی۔ تفتیش کی گئی تو الزام صحیح پایا گیا۔ اس کے بعد آج اٹونجہ پولیس نے اس معاملہ میں ملزم خاتون منصور اور جانکی پورم کے رہنے والے رگھورائی کو گرفتارکر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے۔