جدہ: سعودی عرب میں ایک ہندوستانی شہری کو خانہ کعبہ کی توہین کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیاہے۔سعودی عرب کے مقامی اخبارعرب نیوز کے مطابق ہندوستانی شہری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر مسلمانوں کے مقدس مقام خانہ کعبہ کا توہین آمیز خاکہ شائع کرنے کے جرم میں گزشتہ ماہ پولیس نے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا۔
مذکورہ شخص نے اس بات کا اعتراف کیا کہ فیس بک اکاؤنٹ اس کا ہے، تاہم ا
س کا کہنا تھا کہ اس نے کسی دوسرے فیس بک اکاؤنٹ پر یہ تصویر دیکھی، جسے مکمل طور پر دیکھنےکے لیے اسے لائیک کرنے کی شرط عائد تھی۔
ملزم کے مطابق تصویر لائک کرنے خود بخود اس کے فیس بک اکاؤنٹ پر اپ لوڈ ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ خانہ کعبہ پر ہندو دیوتاؤں کی تصاویر چسپاں کی گئی ہیں۔تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے کہ آیا ملزم نے گستاخانہ خاکہ شائع کرکے سائبر کرائمز کے حوالے سے سعودی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔
سعودی عرب کے سائبر قوانین کی رو سے مذہبی جذبات کو بھڑکانے والے مواد کی اشاعت و ترسیل پر پانچ سال قید اور 3 ارب سعودی ریال جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔گرفتار کیے گئے ہندوستانی شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم بتایا گیا ہے کہ وہ گزشتہ دو برسوں سےسعودی عرب میں مقیم ہے اور جدہ کی ایک کیٹرنگ کمپنی میں ملازمت کر رہا ہے۔
ہندوستان کے کونسل جنرل بی ایس مبارک نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہندوستانی شہری کو سعودی عرب کے سائبر قوانین کی خلاف ورزی پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔