لندن : ویسے تو رانگ نمبر ملانا کوئی حیرت انگیز بات نہیں، ہر انسان سے ہی نمبر ملانے میں غلطی ہوسکتی ہے مگر زمین سے بہت دور خلاءمیں ایسا ہونا ضرور چونکا دیتا ہے۔
ایسا ہی دلچسپ واقعہ انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں موجود پہلے برطانوی خلاءباز ٹم پیکی کے ساتھ پیش آیا جنھوں نے اپنے گھر کا نمبر ملانے کی کوشش میں رانگ نمبر ملا دیا۔
مگر سب سے دلچسپ چیز اس وقت پیش آئی جب رانگ نمبر پر ایک خاتون سے بات کرتے ہوئے انہوں نے پوچھا “کیا یہ سیارہ زمین ہے؟”
جمعرات کو رات گئے انہوں نے ایک ٹوئیٹ پیغام میں اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ” میں اس خاتون سے معذرت کرنا چاہوں گا، میں نے غلطی سے کال ملا کر کہہ دیا، ہیلو کیا یہ سیارہ زمین ہے؟ یہ کوئی مذاق نہیں تھا مگر نمبر غلط مل گیا تھا”۔
43 سالہ ٹم پیکی اس وقت خلائی اسٹیشن کا سفر کرنے والے پہلے برطانوی خلاءباز بن گئے تھے جب وہ رواں ماہ کے شروع میں قازقستان میں روس کے بیکونور رصدگاہ سے چھ ماہ کے مشن پر خلائی مشن پر روانہ ہوئے۔