اسلام آباد؛اگرچہ اس حقیقت سے ہم بخوبی آشنا ہیں کہ دنیا میں بہترے ایسے جوڑے ہیں جو اولاد جیسی نعمت سے محروم ہیں۔
عام سطحی خیال کے مطابق بے اولادی کا ذمہ دار ہمیشہ عورت کو ہی ٹھہرایا جاتا ہے تاہم کبھی کبھار عورت سے زیادہ مرد کی وجہ سے بھی یہ محرومی پیدا ہو سکتی ہے۔خیر ایک بات جو شک وشبہ سے بالاتر ہے وہ یہ کہ معاشرے کی بڑھوتری کا دارومدار خواتین پرہی ہے۔لہذا اگر کسی بیماری یاوجہ سے خواتین ماں بننے سے قاصر ہیں تو خاندان کے دوسرے افراد کو چاہیے کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے ان وجوہات یا بیماریوں کے خاتمے کیلئے کو شش کریں۔ماہرین صحت کی رائے کے مطابق بعض اوقات خواتین بغیر کسی بڑی وجہ کے ماں نہیں بن پاتیں تاہم حالات کچھ بھی ہوں آگاہی لازمی چیز ہے۔ماہرین کی رائے کے مطابق اگرچہ خواتین کے حاملہ نا ہونے کے پیچھے کسی خصوصی عمل کی نشاندہی کرنا ایک پیچیدہ چیز ہے،تاہم چند عوامل باہم مل کر خواتین میں بانجھ پن جیسے مسائل کو جنم دیتے ہیں۔
ماہرین کی طرف سے ان عوامل میں سے چند ایک کی نشاندہی کی گئی ہے جن کا بر وقت سدباب مستقبل کی پریشانیوں سے نجات دے سکتا ہے۔ماہرین کی رائے کے مطابق بعض اوقات خواتین اپنے کیریئر یاکسی خاندانی مجبوری کی بنا پر دیر سے شادی کرتی ہیں جس کے باعث وہ حاملہ نہیں ہو پاتیں۔علاوہ ازیںبعض خواتین میں بیضہ نالی کا سکڑنا، بچہ دانی کی رسولی یا انہدام نہانی کا انفیکشن بھی بانجھ پن کی وجہ بن جاتے ہیں جبکہ چند خواتین میں ایام کی بے قاعدگی، ہارمونز کی تبدیلی ،کمزوری ،خون کی کمی ،ناقص خوراک کا استعمال ،تمباکو نوشی ،نشہ آور اشیاکا استعمال ،رحم کا انفیکشن، نیند کی کمی ، جذباتی ہیجان ، ماحولیاتی آلودگی اور وزن میں بے تحاشا اضافہ بھی بانجھ پن کی اہم وجوہات ہیں۔محققین کی حالیہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق 30سے50فیصد خواتین رحم کے کینسر کے باعث بانجھ پن کا شکار ہوتی ہیں۔
علاوہ ازیں ٹی بی ، دمہ اور ذیابیطیس کے مرض میں مبتلا خواتین بھی عموما با نجھ پن کا شکار ہو تی ہیں۔حال ہی میں ہونے والی تحقیق کی رپورٹ کے مطابق جو جوڑے مباشرت کے وقت چکنائی دار کریمز وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں وہ سپرمز کیلئے انتہائی نقصان دہ اور خواتین میں بانجھ پن کا موجب بنتی ہیں۔
ماہرین صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان تمام تر عوامل کے ساتھ مرد وں کے مادہ تولید میں سپرمز کی کمی بھی بانجھ پن کی اہم وجہ ہے۔دریں اثناماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایسی خواتین جن میں وزن کی شدید کمی پائی جاتی ہے یہ بھی بانجھ پن کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔معاشرے کے بہتر مسقبل کیلئے ضروری ہے کہ ہم خواتین کی صحت سے متعلق مسائل کو نظر انداز کرنے کی بجائے انکا موثر حل تلاش کریں اور انھیں بر وقت طبی امداد مہیا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔