سلہٹ۔خواتین ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو نو رن سے ہرا کر تہلکہ مچادیا۔ آل رائونڈر دیاندرا ڈوٹن جو اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت جانی جاتی ہیں نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار انگلش پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوور میں سات وکٹ پر 137رن بنائے۔ کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے57 اور کیشیا نائٹ نے 43رن اسکور کیے۔نتالی شائیور نے تین جبکہ آنیا شرب سول نے دو وکٹوں پر ہاتھ صاف کیا۔ جواب میں انگلش ٹیم نو وکٹ پر 124رن سے آگے نہ بڑھ سکی۔ شارلوٹ ایڈورڈز 44رن کے ساتھ نمایاں رہیں۔ سارا ٹیلر 17، لیڈیا گرین وے 14رن بناسکیں۔ ڈوٹن نے چار اوورز میں 12رن دے کر چار پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسرے میچ میں سری لنکا نے شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے مضبوط ہندوستانی ٹیم کو 22رن سے زیر کرلیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی۔ لو اسکورنگ میچ میں ہندوستان نے سری لنکا کو آٹھ وکٹ پر 128رن سے آگے نہ بڑھنے دیا۔ چماری اتاپتو 43 اور ایشانی کوشلیا 34رن بنا کر سب سے آگے رہیں۔ جواب میں سری لنکا نے ہندوستان کو نو وکٹ پر 106رن تک محدود کردیا۔شیکھا پانڈے 22، کپتان متھالی راج 16 اور ہرمن پریت کور 17رن بناسکیں۔ادھیشکا پربھودانی، مادھوری سمودیکا اور اینورا راناویرا نے دو دو وکٹ لیے۔