امریلی، 26 اپریل (یو این آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کا دعوی کرنے والی بھارتیہ جنتاپارٹی اور اس کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کو سمجھنا چاہئے کہ ملک کی خواتین کو طاقت نہیں بلکہ عزت و احترام کی ضرورت ہے۔مسٹر گاندھی نے آج یہاں ایک انتخابی جلسے میں کہا کہ بی جے پی اور مسٹر مودی کی طرف سے دہلی میں پوسٹر لگائے جارہے ہیں کہ وہ خواتین کو بااختیار بنائیں گے لیکن انہیں سمجھنا چاہئے کہ ہندوستان کی خواتین کو طاقت کی ضرورت نہیں ان کے پاس بہت طاقت ہے، آپ انہیں تھوڑی سی عزت دے دیجئے۔مسٹر مودی کے مبینہ اشارے پر ایک خواتین کی جاسوسی کئے جانے کے معاملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہاں گجرات کی پولیس ایک خاتون کا فون ٹیپ کرتی ہے اور اس کے پیچھے لگ جاتی ہے.
مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ“ دس سال قبل 3000 کروڑکی کمپنی آج 40 ہزار کروڑکی ہوگئی ہے۔ اسے 26 ہزار کروڑ روپے کی بجلی کا ٹھیکہ دے دیاگیا۔ جن کسانوں کی زمین اڈانی کو دی گئی ہے وہ آج بھی یو پی اے کے منریگا اسکیم کے تحت مزدوری کررہے ہیں۔مودی نے صرف ایک شخص کو 40 ہزار کروڑ روپے کا تحفہ دیا جو ریاست میں تعلیم اور صحت کے مجموعی بجٹ 10 ہزار کروڑ روپے سے چار گنا ہے۔ مرکزی حکومت بھی منریگا کے لئے صرف 30 ہزار کروڑ روپے دیتی ہے اس سے زیادہ پیسہ مودی جی نے اڈانی کو دے دیا۔خیال رہے کہ گوتم اڈانی کی ملکیت والا اڈانی گروپ گجرات اور دیگر مقامات پر بجلی ،گیس سمیت توانائی کے شعبے میں سرگرم ہے مودی حکومت نے اسے ریاست کے مندرا میں ایک خصوصی اقتصادی زون کی نگرانی بھی سونپ دی ہے۔مسٹر گاندھی نے کہاکہ ہم یہ نہیں کہتے کہ صنعت کو ترقی نہ دی جائے لیکن صرف ایک صنعت کار کی مدد کرنا پورے گجرات کی بجلی چھین کر ایک شخص کو دے دینا، کیا یہی گجرات کا ترقی ماڈل ہے۔